اتوار، 2 جولائی، 2023

37 سیرت سید الانبیاء ﷺ Seerat un Nabi


37 سیرت سید الانبیاء ﷺ

حجتہ الوداع یا حجتہ البلاغ یا حجتہ اسلام

تحریر:شفیق احمد ابن عبد اللطیف آئمی


حج کی فرضیت، حجتہ الوداع یا حجتہ البلاغ یا حجتہ اسلام، سید الانبیاء ﷺ کی حج کی تیاری، سید الانبیاء ﷺ کی حج کے لئے روانگی، ذو الحلیفہ سے احرام باندھا، مکہ مکرمہ میں داخلہ، خانہ کعبہ کی زیارت اور طواف، مقامِ ابراہیم پر نماز اور صفا ، مروہ کی سعی، خطبہ حجتہ الوداع، قرآن اور سنت چھوڑے جا رہا ہوں، جو حاضر ہیں وہ اُن تک پہنچا دیں جو حاضر نہیں ہیں، آج اسلام مکمل ہو گیا، تعلیمی حج


حج کی فرضیت

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ منورہ سے 10 ؁ہجری میں حج کیا۔ حج کی فرضیت کے بارے میں علمائے کرام کی مختلف رائے ہے۔ اکثر علمائے کرام نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ 6 ؁ ہجری میں حج فرض کر دیا گیا تھا۔ علامہ رافعی نے باب سیر میں اسی قول کو درست قرار دیا ہے اور علامہ نووی نے بھی اسی قول کی پیروی کی ہے۔ ایک قول یہ بھی ہے کہ حج 9 ؁ہجری میں فرض ہوا اور ایک قول کے مطابق10 ؁ہجری میں فرض ہوا۔امام ابو حنیفہ رحمتہ اللہ علیہ نے اسی قول کو لیا ہے۔ وہ کہتے ہیں کہ فوراً ہی اس فرض کی ادائیگی ہوئی۔ ایک قول یہ بھی ہے کہ ہجرت سے پہلے حج فرض ہو چکا تھا۔ مگر یہ قول بہت غریب ہے۔

یمن کی طرف امراء ( گورنروں ) کو بھیجنا

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت اقدس میں مختلف قبائل کے وفود آنے کا سلسلہ جاری تھا۔ اسی دوران آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یمن کی طرف حضرت ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ اور حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو امراء ( گورنر ) بنا کر بھیجا۔ یمن میں دو بڑے صوبے ( ریاست) تھے۔ اور دونوں حضرات کو الگ الگ صوبوںمیں روانہ فرمایا اور ان دونوں سے فرمایا: ’’ تم دونوں آپس میں آسانی پیدا کرنا، تنگی نہ کرنا، اور بشارت دینا نفرت پید ا نہ کرنا۔ ‘‘ایک اور روایت میں ہے کہ فرمایا: ’’ ایک دوسرے کی بات ماننا اور اختلاف نہ کرنا۔ ‘‘پھر دونوں اپنے اپنے علاقے کی طرف چل دیئے۔ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو یمن روانہ کرتے ہوئے فرمایا: ’’ تم اہل کتاب ( عیسائیوں) کے پاس جا رہے ہو۔ پس جب ان کے پاس پہنچنا تو انہیں اسلام کی دعوت دینا کہ وہ گواہی دیں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے بندے اور رسول ہیں۔ اگر وہ تمہاری بات مان لیں اور اسلام قبول کر لیں تو انہیں بتانا کہ اللہ تعالیٰ نے دن رات میں پانچ نمازیں فرض کیں ہیں۔ پھر وہ اس بات کو مان لیں تو انہیں یہ بھی بتانا کہ ان پر صدقہ ( زکوٰۃ) فرض کیا گیا ہے جو ان کے مالداروں سے لے کر ان کے غریبوں اور فقراء کو دیا جائے گا۔ پھر اگر وہ تمہاری بات مان جائیں تو ان کے بہترین اموال سے بچنا اور مظلوم کی بد دعا سے بچنا۔ کیوں کہ اس کے اور اللہ کے درمیان کوئی حجاب ( رکاوٹ) نہیں ہوتی ہے۔ ‘‘حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ کی حدیث مکمل ہوئی۔ آگے حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ خود فرماتے ہیں: ’’جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے یمن کی طرف روانہ فرمایاتو مجھے سواری پر سوار کروایا اور پیدل میرے ساتھ وصیت کرتے ہوئے نکلے۔ میں نے ادب کی خاطر سواری سے اترنا چاہا تو مجھے روک دیا اور سوار رہنے کا اشارہ کیا ۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم وصیت سے فارغ ہو گئے تو مجھ سے فرمایا: ’’ اے معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ ! ممکن ہے اس سال کے بعد تمہاری مجھ سے ملاقات نہ ہو سکے اور شاید جب تم آئو تو تمہارا گزر میری مسجد اور قبر پر سے ہو۔ ‘‘یہ سن کر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے بچھڑنے کا خوف کر کے رونے لگا۔ مجھے روتا ہوا دیکھ کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا چہرہ مبارک مدینہ منورہ کی طرف کر کے فرمایا: ’’میرے سب سے قریب وہ لوگ ہیں جو تقویٰ اختیار کرتے ہیں اور متقی ہیں۔ چاہے وہ کوئی بھی ہو۔ کہیں بھی ہوں۔‘‘ ایک اور روایت میں اتنا زیادہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اے معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ !مت رو، رونے کے وقت ہوتے ہیں۔‘‘

فیصلہ کس طرح کرو گے؟

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو یمن روانہ کرتے ہوئے بہت سی وصیتیں کیں۔ حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ آ گے فرماتے ہیں: ’’ اپنی وصیت میں دس باتوں کی مجھے تاکید کی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا’’ 1) کسی کو اللہ تعالیٰ کا شریک نہ بنانا۔ چاہے تمہیں قتل کر دیا جائے، یا جلا دیا جائے 2) اپنے والدین کی نافرمانی نہ کرنا۔ چاہے وہ تجھے اپنا مال اور بیو ی بچے چھوڑ دینے کا حکم دیں 3) فرض نماز کو جان بوجھ کر نہیں چھوڑنا ۔ بے شک جو شخص فرض نماز جان بوجھ کر چھوڑ دیتا ہے تو اللہ تعالیٰ اس کی ذمہ داری سے بری ہو جاتا ہے 4) شراب نوشی نہیں کرنا۔ بے شک یہ ہر برائی کی جڑ ہے 5) معصیت سے بچنا، کیوں کہ معصیت اللہ کی ناراضگی کو جائز کرتی ہے 6) جنگ میں فرار اختیار کرنے سے بچنا۔ چاہے (سب) لوگ ہلاک ہو جائیں 7) جب لوگوںکو موت آئے اور تم ان میں موجود ہو تو ثابت قدم رہنا۔ 8) اپنے اہل و عیال پر اپنی وسعت کے مطابق خرچ کرنا 9) اپنے عصا کو ادب کی خاطر نہ اٹھانا 10) اور اللہ کی خاطر ان سے محبت لوگوں سے محبت کرنا۔‘‘ اس کے بعد حضرت معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ آگے فرماتے ہیں: ’’ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مجھے یمن روانہ فرمانے لگے تو فرمایا: ’’اے معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ !اگر تمہیں کوئی فیصلہ کرنا پڑے تو تم کیا کرو گے؟ ‘‘میں نے جواب دیا : ’’میں کتاب اللہ ( قرآن پاک) کے مطابق فیصلہ کروں گا۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اگر وہ چیز کتاب اللہ میں موجود نہ ہو تو کیا کرو گے؟ ‘‘ میں نے عرض کیا: ’’اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے مطابق فیصلہ کروں گا۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اگر وہ چیز سنت ِ رسول میں بھی موجود نہ ہو تو کیا کرو گے؟ ‘‘میں نیعرض کیا: ’’ پھر میں بغیر کوتاہی کئے اجتہاد کروں گا۔ ‘‘یہ سن کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے سینے پر ہاتھ مارا اور فرمایا: ’’ اس اللہ تعالیٰ کا لاکھ لاکھ شکر ہے جس نے اللہ کے رسول (صلی اللہ علیہ وسلم )کے ایلچی کو اس بات کی توفیق دی کہ جس سے اللہ کا رسول(صلی اللہ علیہ وسلم ) راضی ہوتا ہے۔‘‘

سریہّ حضرت علی رضی اللہ عنہ یمن کی طرف

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے حجتہ الوداع سے پہلے ماہِ رمضان 10 ؁ہجری میں حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کو تین سو صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا لشکر دے کر یمن کی جانب روانہ فرمایا اور خود اپنے دست مبارک سے حضرت علی رضی اللہ عنہ کے سرپر عمامہ باندھا۔ جس کے تین پیچ تھے۔ عمامہ کا ایک کنارہ بقدر ایک ہاتھ کے سامنے لٹکایا اور بقدر ایک بالشت کے پیچھے چھوڑا اور یہ فرمایا: ’’ سیدھے چلے جائو اور کسی جانب توجہ مت کرنااور وہاں جا کر جنگ شروع مت کرنا۔ بلکہ پہلے اسلام کی دعوت دینا۔ اگر وہ اسلام قبول کر لیں تو جنگ مت کرنا۔ اللہ کی قسم !تمہارے ہاتھ سے ایک شخص بھی ہدایت پا جائے تو یہ دنیا اور آخرت سے بہتر ہے۔‘‘ حضرت علی رضی اللہ عنہ تین سو سواروں کو لے کر روانہ ہوئے اور مقامِ’’ قناۃ ‘‘پر جا کر پڑائو ڈالا اور اسی جگہ سے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے مختلف لشکر مختلف اطراف و جوانب میں روانہ فرمائے۔ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا پہلا لشکر مذجج میں داخل ہوا اور مالِ غنیمت میں بہت سے بچے ، عورتیں اونٹ اور بکریاں لے کر آئے۔ ان سب کو ایک جگہ جمع کر دیا گیا۔ پھر ایک دوسرے قبیلہ سے مقابلہ ہوا۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے انہیں اسلام کی دعوت دی ۔ انہوں نے اسلام قبول کرنے سے انکار کر دیا اور مسلمانوں پر پتھر برسائے۔ تب حضرت علی رضی اللہ عنہ نے حملہ کیا۔ جس میں ان کے بیس آدمی مارے گئے اور یہ لوگ بھاگ کھڑے ہوئے۔ آپ رضی اللہ عنہ نے کچھ وقفہ بعد ان کا تعاقب کیا اور دوبار ہ اسلام کی دعوت دی جو ان لوگوں نے قبول کر لی اور وعدہ کیا کہ اللہ کا حق ادا کریں گے اور صدقات ادا کریں گے۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے تمام قیدیوں کو آزاد کر دیا اور انہوں نے بھی اسلام قبول کر لیا۔

حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کی عجلت میں مکہ مکرمہ روانگی

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کو ماہِ رمضان المبارک 10 ؁ ہجری میں یمن کی جانب روانہ فرمایا تھا اور آپ رضی اللہ عنہ لگ بھگ ڈھائی تین مہینے یمن میں مصروف رہے۔ اسی دوران سید الانبیا ء صلی اللہ علیہ وسلم ’’حجتہ الوداع ‘‘کے لئے روانہ ہوئے۔ حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی روانگی کی اطلاع ملی تو آپ رضی اللہ عنہ نے مالِ غنیت جمع کر کے اس کا خمس نکالا اور باقی چار حصے لشکر میں تقسیم کر دیئے اور اپنے بجائے دوسرے صحابی رضی اللہ عنہ کو لشکر کا سپہ سالار مقرر کر کے عجلت کے ساتھ مکہ مکرمہ روانہ ہو گئے اور لشکر سے فرمایاکہ وہ بھی مکہ مکرمہ پہنچ جائے۔ آپ رضی اللہ عنہ تیزی سے سفر کرتے ہوئے مکہ مکرمہ پہنچے اور سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کیساتھ حجتہ الوداع میں شریک ہوئے۔

حجتہ الوداع یا حجتہ البلاغ یا حجتہ اسلام

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم ماہِ شعبان کے آخری دنوں یا ماہِ رمضان کے شروعاتی دنوں میں غزوہ تبوک سے 9 ؁ہجری میں واپس مدینہ منورہ آئے۔ غزوہ تبوک نے پوری دنیا میں اور خاص طور سے عالم عرب میں یہ ثابت کر دیا کہ سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم اور اسلام اور مسلمان دنیا کی سب سے بڑی طاقت( سوپر پاور) بن چکے ہیں۔ اس بات کو ہر کوئی سمجھ چکا تھا۔ اس لئے غزوہ تبوک سے واپسی کے بعد پورے عالم عرب سے قبیلوں کے وفود سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہونے لگے اور اسلام قبول کرنے لگے۔ سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم غزوہ تبوک سے واپسی کے بعد یعنی ماہِ رمضان 9 ؁ ہجری سے لے کر ذی القعدہ 10 ؁ ہجری تک لگ بھگ پندرہ 15مہینے مدینہ منورہ میں ہی تشریف فرما رہے۔ اس دوران آپ صلی اللہ علیہ وسلم مختلف قبیلوں کے وفود سے ملاقات کرتے رہے۔ ساتھ میں صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اور وفود کے اراکین کی تعلیم و تربیت کرتے رہے اور جن علاقوں کے قبیلے شورش پر آمادہ تھے ان کی طرف سرایا بھیجتے رہے۔ اسی دوران 9 ؁ ہجری میں حضرت ابو بکر صدیق کی امارت میں حج کروایا۔ اللہ تعالیٰ کی مدد اور نصرت آچکی تھی اور مکہ مکرمہ فتح ہو چکا تھا۔ لوگ فوج در فوج اسلام میں داخل ہو چکے تھے۔ کفر اور شرک بالکل خاتمے کے قریب پہنچ چکا تھا۔ قبیلوں کے وفود دور دراز سے آ ا ٓکر کفر و شرک کو چھوڑ کر توحید اور رسالت کا اقرار کر چکے تھے۔ فرائض نبوت مکمل ہو چکے تھے اور احکام اسلام کی قولاً اور عملاً تعلیم مکمل ہو چکی تھی۔ 9 ؁ ہجری میں حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو بھیج کر خانہ کعبہ کو جاہلیت کی رسموں سے بالکل پاک کر دیا تھا۔ اب وقت آگیا تھا کہ سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم خود بہ نفس نفیس حج کے فرض کو ادا کریں۔ سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے اس حج کو’’ حجتہ الوداع‘‘ کہا گیا ۔’’ حجتہ البلاغہ ‘‘بھی کہا گیا اور’’ حجتہ الاسلام ‘‘بھی کہا گیا ہے۔ اسے حجتہ الوداع ( حج الوداع) اس لئے کہا گیا کہ اس حج میں سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں سے’’ وداع‘‘ ( رخصت ) ہوئے اور اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کوئی حج نہیں کیا ( کیوں کہ چند ماہ بعد ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کی جوارِ رحمت میں چلے گئے) ’’حجتہ البلاغہ‘‘ اس لئے کہا گیا ہے کہ اس حج میں سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے دنیا کے تمام انسانوں تک اللہ تعالیٰ کا پیغام پہنچا دیا اور تمام ایک لاکھ سے زیادہ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو وصیت کی کہ پوری دنیا میں اللہ کا پیغام ( اسلام ) پہنچائیں۔ ’’حجتہ الاسلام ‘‘ اس لئے کہا گیا کہ سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے اس حج میں اسلام کے مکمل ہونے کا اعلان فرمایا۔

سید الانبیاء ﷺ کی حج کی تیاری

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم جس مقصد کے لئے لگ بھگ 23برسوں سے مسلسل جدو جہد کر رہے تھے اللہ تعالیٰ کی مدد اور نصرت سے اس کے پورا ہونے کا وقت آگیا تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بے شمار تکلیفیں اور مصیبتیں اٹھا کر اللہ تعالیٰ کا پیغام اسلام تمام لوگوں تک پہنچا دیا تھا اور عملاً اسلام نافذ ہو چکا تھا ۔ اب وقت آگیا کہ سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم حج کے فریضہ کو خود عملی طور پر انجام دیں تا کہ امت کو ہمیشہ کے لئے معلوم ہو جائے کہ حج کس شان سے ہونا چاہیے اور حضرت ابراہیم علیہ السلام اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کا کیا طریقہ تھا ۔’’ مناسک حج ‘‘میں اول سے آخر تک توحید اور اللہ کو راضی کرنے کا عمل تھا اور شرکیہ کلمات اور جاہلیت کی رسول سے بالکل پاک تھا ۔ اسی وجہ سے سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم تلبیہ میں لا شریک لک کا لفظ خاص طور سے فرماتے تھے۔ تاکہ شرک کا شک و شبہ بھی نہ رہ جائے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تلبیہ اس طرح پڑھتے تھے۔ لبیک اللھم لبیک لا شریک لک لبیک۔ ان الحمد والنعمۃ لک والملک لا شریک لک۔ سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ منورہ اور تمام قبائل میں پہلے سے ہی اعلان کروادیا تھا کہ اس سال اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم خود بہ نفس نفیس حج کے لئے تشریف لے جانے والے ہیں۔ اس لئے مدینہ منورہ کے تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ساتھ ساتھ آس پاس کے تمام قبائل سے مسلمان آ آکر مدینہ منورہ میں جمع ہونے لگے۔ تا کہ وہ بھی سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ میں حج کرنے کا شرف حاصل کر سکیں۔ صرف آس پاس کے قبائل ہی نہیں بلکہ پورے عالم عرب سے مسلمان آکر مدینہ منورہ کے آس پاس پڑائو ڈالنے لگے۔

سید الانبیاء ﷺ کی حج کے لئے روانگی

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے حج کا اعلان فرمایا تو تمام عالم عرب سے انسانوں کا سیلاب امڈ پڑا ۔ ہزاروں لوگ روزانہ آکر مدینہ منورہ کے آس پاس پڑائو ڈالنے لگے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہونے لگے۔ یہ اللہ تعالیٰ کی مدد اور سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی لگاتار بغیر تھکے اور بغیر رکے محنت اور جدو جہد کا نتیجہ تھا کہ لگ بھگ 23برس پہلے پوری دنیا میں اکیلے تنِ تنہا سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم اسلام کی دعوت کو لے کر کھڑے ہوئے ۔ اس وقت پوری دنیا میں کفر اور ظلمت کا اندھیر چھایا ہوا تھا۔ ہر طرف سے مخالفین کا حملہ تھا۔ مسلسل محنت اور جدو جہد کے بعد لگ بھگ چودہ سال بعد غزوہ بدر کے وقت چند ہزار صحابہ کرام اور صحابیات رضی اللہ عنہم تھے۔ ان میں سے لگ بھگ 320نے اسلام کی پہلی فیصلہ کن جنگ لڑی۔ سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی مسلسل نہ تھکنے والی جدو جہد جاری رہی اور جب اعلان ِ نبوت کے بعد لگ بھگ 21برس بعد مکہ مکرمہ فتح ہو ا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ دس ہزار 10,000سے زیادہ جاں نثار صحابہ کرام رضی اللہ عنہم تھے اور آج جب لگ بھگ تیئیس 23برس بعد سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم حج کی تیاری کر رہے ہیں تو مدینہ منورہ اور آس پاس میں ایک لاکھ چودہ ہزار1,14,000کے لگ بھگ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر ساتھ جانے کے لئے موجود ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مدینہ منورہ میں حضرت ابودجانہ سماک بن حرشہ رضی اللہ عنہ یا حضرت سباع بن عرفطہ غفاری رضی اللہ عنہ کو اپنا نائب بنایا۔

ذو الحلیفہ سے احرام باندھا

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے ذی القعدہ مہینے کے آخری دنوںمیں جمعرات کے دن غسل فرما کر تہبند اور چادر زیب تن فرمائی اور نماز ظہر مسجد نبوی میں پڑھ کر مدینہ منورہ سے روانہ ہوئے اور اپنی بیٹی سیدہ فاطمہ الزہراء رضی اللہ عنہا اور تمام امہات المومنین رضی اللہ عنہما کو ساتھ میں لیا۔ مدینہ منورہ سے لگ بھگ چھ میل دور اہل مدینہ کی میقات ،’’ ذو الحلیفہ ‘‘ پر پہنچے ا ور رات بھر وہیں قیام فرمایا۔ پھر احرام کے لئے صبح غسل فرمایا اور دو رکعت نماز ادا فرمائی اور اپنی اونٹنی قصوا پر سوار ہو کر احرام باندھا اور بلند آواز سے تلبیہلبیک اللھم لبیک لا شریک لک لبیک۔ ان الحمد والنعمۃ لک والملک لا شریک لک۔ پڑھتے ہوئے مکہ مکرمہ روانہ ہوئے۔ حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہی : ’’میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ تھا۔ میں نے سر اٹھا کر چاروں طرف نظر دوڑائی تو آگے پیچھے دائیں بائیں جہاں تک نظر جا رہی تھی انسان ہی انسان نظرآرہے تھے۔ امام احمد بن حسین بیہقی کی روایت میں ہے کہ سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ایک لاکھ چودہ ہزار صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سفر کر رہے تھے اور دوسری روایتوں میں ہے کہ ایک لاکھ چوبیس ہزار صحابہ کرام رضی اللہ عنہم’’ حجتہ الوداع ‘‘میں سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ موجود تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد نبوی میں ظہر کی نماز چار رکعت پڑھی اور ذوالحلیفہ میں عصر کی نماز دو رکعت پڑھی۔

 مکہ مکرمہ میں داخلہ، خانہ کعبہ کی زیارت اور طواف

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم 4ذی الحجہ کو مکہ مکرمہ پہنچے ۔ فجر کی نماز مقامِ ’’ذی طوی‘‘ میں پڑھی اور غسل فرمایا پھر مکہ مکرمہ میں داخل ہوئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے خاندان بنو ہاشم کے لڑکوں نے تشریف آوری کی خبر سنی تو خوشی سے دوڑتے ہوئے آئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نہایت محبت اور پیار سے کسی کو آگے ، کسی کو پیچھے اور کسی کو دائیں اور بائیں اپنی اونٹنی پر بٹھا لیا۔ چاشت کے وقت یعنی جب سورج بلند ہو گیا تھا تب آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسجد حرام میں داخل ہوئے ۔ جب خانہ کعبہ پر سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی نظر پڑی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اے اللہ تعالیٰ!تُو سلامتی دینے والا ہے۔ اے ہمارے رب ہمیں سلامتی کیساتھ زندہ رکھ۔ اے اللہ تعالیٰ! اس گھر کی عظمت و شرف اور عزت و ہیبت اور زیادہ کر اور جو اس گھر کا حج اور عمرہ کرے تو اس کی بزرگی اور شرف و عظمت کو زیادہ کر۔‘‘اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم حجر اسود کے پاس تشریف لے گئے تو حجر اسود پر ہاتھ رکھ کر اس کو بوسہ دیا اور پھر خانہ کعبہ کا طواف شروع کیا۔ شروع کے تین چکر میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ’’رمل‘‘ کیا۔ یعنی سینہ تان کر تین پھیرے کئے اور باقی چار پھیرے عام انداز میں پورے کئے۔ ہر چکر یا پھیرے میں جب حجر اسود کے پاس پہنچتے تھے تو کبھی چھڑی سے حجر اسود کی طرف اشارہ کر کے چھڑی کو چوم لیتے تھے اور کبھی ہاتھ سے حجر اسود کو چھو کر ہاتھ کو چوم لیتے تھے اور کبھی حجر اسودپر اپنے ہونٹ مبارک رکھ کر چوم لیتے تھے اس طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے چھڑی سے بھی استلام کیا ، ہاتھ سے بھی استلام کیا، اور لب مبارک سے بھی استلام کیا اور کبھی کبھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے رکن یمانی کا بھی استلام کیا۔

مقامِ ابراہیم پر نماز اور صفا ، مروہ کی سعی

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم طواف سے فارغ ہوئے تو مقام ابراہیم کی طرف آئے اور اس کے پیچھے دو رکعت نماز ادا فرمائی۔ پھر’’ وتخدو من مقام ابراہیم مصلیٰ‘‘ کی تلاوت فرمائی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان دونوں رکعتوں میں قل ہو اللہ احد اور قل یا یھا لکٰفرون کی تلاوت فرمائی۔ پھر حجر اسود کو استلام فرمایا اور سامنے کے دروازے سے صفا اور مروہ کی طرف روانہ ہوئے۔ قریب پہنچے تو یہ آیت تلاوت فرمائی: ( ترجمہ) ’’بیشک صفا اور مروہ اللہ کی دین کی نشانیوں میں سے ہے۔ پھر فرمایا: ’’ جس سے اللہ نے آغاز فرمایا۔ ہم بھی اس سے آغاز کرتے ہیں اور صفا پہاڑی پر چڑھ گئے۔ چڑھنے کے بعد’’ خانہ کعبہ‘‘ یعنی’’ بیت اللہ‘‘ کی طر ف دیکھا اور تکبر کہی پھر کہا ۔ لا الہ الا اللہ وحدہ لا شریک لہ لہ الملک ولہ الحمد وھو علی کل شیئٍ قدیر لا الہ الا اللہ وحدہ انجر وعدہ ونصر عبدہ وھرم الاحزاب وحدہ ۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا کی۔ پھر اسی کلام کو پڑھنے لگے۔ پھر صفا پہاڑی سے نیچے اترنے لگے اور جب نیچے وادی میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیر مبارک ٹکے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم دوڑنے لگے اور مروہ کے قریب پہنچ کر عام حالت میں چڑھنے لگے۔ مروہ پہاڑی پر چڑھ کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خانہ کعبہ کیطرف دیکھا اور تکبیر کہی اور وہی پڑھا جو صفا پہاڑی پر پڑھا تھا اور دعامانگی۔ پھر مروہ سے اترے اور صفا پر چڑھے۔ اس طرح سات مرتبہ دونوں پہاڑیوں پر چڑھے جب ساتویں چکر میں مروہ پہاڑی پر آئے تو فرمایا’’ جو قربانی کا جانور ساتھ نہیں لائے ہوں۔ وہ احرام کھول دیں۔‘‘

مِنیٰ اور عرفات میں قیام

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم آٹھویں ذی الحجہ جمعرات کے دن منیٰ میں تشریف لے گئے اور پانچ نمازیں ظہر ، عصر ، مغر ب ،عشاء اور فجر منیٰ میں ادا فرما کر نویں ذی الحجہ جمعہ کے دن آپ صلی اللہ علیہ وسلم میدانِ عرفات میں تشریف لائے۔ زمانہ جاہلیت میں چونکہ قریش اپنے آپ کو سارے عرب میں افضل اوراعلیٰ شمار کرتے تھے۔ اس لئے وہ میدان ِ عرفات کے بجائے مزدلفہ میںقیام کرتے تھے اور دوسرے تمام عرب عرفات میں ٹھہرتے تھے۔ لیکن اللہ تعالیٰ نے اسلام میں مساوات کی تعلیم فرمائی ہے۔ اس لئے قریش کے لئے یہ خصوصیت گوارا نہیں فرمائی اور اللہ تعالیٰ نے حکم دیا ۔ ثم افیضو من حیث افاض الناس : (ترجمہ)’’ تم بھی وہیں سے پلٹ آئو جہاں سے سب لوگ پلٹ کر آتے ہیں۔‘‘ یعنی قریش بھی تمام لوگوںکے ساتھ میدان عرفات میں ہی قیام کریں۔ میدان عرفات میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی امت کے لئے مسلسل دعائیں مانگتے رہے۔

خطبہ حجتہ الوداع

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے میدان ِعرفات میں پہنچ کر ایک کمبل کے خیمے میں قیام فرمایا اور مسلسل دعائوں میں مصروف رہے۔ جب سورج ڈھل گیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے خیمے سے باہر آئے اور اپنی اونٹنی قصویٰ پر سوار ہوئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے چاروں طرف لگ بھگ سوا لاکھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم موجود تھے اور ہر کوئی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف متوجہ تھا۔ سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے پہلے اللہ تعالیٰ کی حمد وثنا فرمائی اور اس کے بعد سوا لاکھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے مجمع سے خطاب فرمایا: ’’ اے لوگو! میری بات غور سے سن لو۔ کیوں کہ شاید اس سال کے بعد اس مقام پر پھر کبھی میر ی تم سے ملاقات نہ ہو۔ اے لوگو!قیامت تک کے لئے تمہار ا( تمام انسانوں کا ) خون اور مال ( ایک دوسرے پر ) اسی طرح حرام ہے جس طرح آج کا دن اور یہ مہینہ تم پر حرام ہے۔ ( یعنی غلط اور نا جائز طریقے سے خون اور مال حرام ہے) تم اپنے رب سے ضرور ملو گے اور وہ تمہارے اعمال کے بارے میں پوچھے گا۔میں نے اس کا پیغام ( اسلام اور قرآن پاک) پہنچا دیا ۔جس کے پاس کسی کی امانت رکھی ہو۔ اسے چاہئے کہ اس کے مالک کو لوٹا دے۔ ہر قسم کا سود ختم کر دیا گیا ہے۔ البتہ اصل رقم تم لے سکتے ہوتا کہ تم پر ظلم نہ ہو۔ اللہ تعالیٰ نے فیصلہ فرما دیا ہے اور سود بالکل ہی ساقط ہے اور سب سے پہلے میں اپنے چچا حضرت عباس بن عبدا لمطلب رضی اللہ عنہ کا سود ختم کرتا ہوں۔ ( جنہوں نے ان سے قرض لیا ہے وہ صرف قرض ہی ادا کریں) اسی طرح زمانہ جاہلیت میں جتنے خون ہوئے ہیں وہ سب بھی ساقط کر دیئے گئے ہیں اور اب کوئی بھی زمانہ جاہلیت کے خون کا بدلہ اور انتقام نہیں لے گا۔ اور سب سے پہلے میں اپنے رشتہ دار ربیعہ بن حارث رضی اللہ عنہ کے بیٹے کا خون معاف کرتا ہوں۔ ‘‘

شیطان ابلیس کی مایوسی اور خواتین کے حقوق

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کا خطبہ جاری تھا اور تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم دم بخود بیٹھے سن رہے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے آگے فرمایا: ’’ اے لوگو!اب شیطان اس بات سے ہمیشہ کے لئے مایوس ہو چکا ہے کہ تمہاری اس سر زمین ( مکہ مکرمہ ) میں اللہ واحد کے سوا کسی اور کی عبادت کی جائے۔ البتہ اس کے سوا تمہارے جو اعمال ہیں جن کو تم معمولی درجے کا سمجھتے ہو ان کے متعلق وہ اس بات سے مطمئن ہے کہ تم اس کی بات کو مانو گے۔ اسی لئے اپنے دین اور ایمان کی حفاظت کیلئے ہمیشہ شیطان سے ہوشیار رہو۔ اے لوگو! جس روز اللہ تعالیٰ نے آسمانوں اور زمین کو پیدا فرمایا اسی دن اس نے اپنی کتاب میں بارہ مہینے مقرر کر کے لکھ دیئے تھے۔ ان میں چار مہینے حرام ہیں۔ تین مہینے مسلسل ہیں۔ ( یعنی ذی القعدہ ، ذی الحجہ اور محرم الحرام) اور رجب المرجب ہے۔ اے لوگو! تمہاری بیویوں پر تمہار احق ہے اور تم پر ان کا حق ہے۔ ان پر تمہارا یہ حق ہے کہ تمہاری مرضی کے خلاف تمہارے گھر کوئی غیر نہ آئے اور ان پر یہ فرض ہے کہ وہ بدکاری نہ کریں۔ اگر وہ ایسا کریں تو اللہ نے تمہیں اجازت دی ہے کہ تم ان کی خواب گاہوں کو چھوڑ دو اور ان سے واسطہ نہ رکھو اور معمولی مار مارو کہ بدن پر نشان نہ پڑے۔ اگر اس سزا سے وہ باز آجائیں تو تم فراخ دلی کے ساتھ ان پر خرچ کرو اور کھلاؤ پلاؤ اور پہناؤ اور اچھا سلوک کرو اور ہمیشہ ایک دوسرے کو عورتوں کیساتھ اچھا سلوک کرنے کی نصیحت کرتے رہو۔ وہ تمہاری دست ِ نگر ہیں۔ ( یعنی تمہاری نگرانی میں ہیں) خود اپنا کچھ نہیں رکھتیں اور تم نے ان کو اللہ کی امانت کے طور پر اپنے نکاح میں لیا ہے اور اللہ کے کلمے کے ساتھ ان کی فروج کو حلال کیا ہے۔

قرآن اور سنت چھوڑے جا رہا ہوں

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کا خطبہ جاری تھا اور پروانہ رسالت صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پوری توجہ سے سن رہے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے آگے فرمایا: ’’ اے لوگو! اچھی طرح میری باتوں کو سمجھ لو اور غور سے سن لو۔ میں نے اللہ کا پیغام پہنچا دیا ہے اور تم میں ،میں وہ چیز چھوڑے جا رہا ہوں کہ اگر اس پر عمل کرتے رہو گے تو کبھی سیدھے راستے سے نہیں بھٹکو گے اور وہ اللہ کی کتاب ( قرآن پاک) ہے اور اللہ کے رسول کی سنت ( حدیث) ہے۔ اے لوگو! میری بات کو اچھی طرح سن لو۔ میںنے اللہ کا پیغام پہنچا دیا ہے۔ اچھی طرح سمجھ لو کہ ہر مسلمان دوسرے مسلمان کا بھائی ہے اورتمام مسلمان آپس میں بھائی بھائی ہیں۔ کسی شخص کے لئے اپنے بھائی کی چیز زبردستی لینا جائز نہیں ہے۔ ہاں وہ اپنی مرضی اور خوشی سے دے تو لے لیا کرے اور اپنے اوپر ظلم نہ کرنا۔ اے اللہ تعالیٰ ! کیا میں نے تیرا پیغام پوری طرح پہنچا دیا ہے؟‘‘ تمام لگ بھگ سوا لاکھ صحابہ کرام کا مجمع ایک پکار اٹھا: ’’بے شک آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ کا پیغام پورا پہنچا دیا ہے۔ ‘‘سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے آسمان کی طرف سر اٹھا کر فرمایا: ’’ اے اللہ !تُو گواہ رہنا۔‘‘

جو حاضر ہیں وہ اُن تک پہنچا دیں جو حاضر نہیں ہیں

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے حجتہ الوداع کے خطبے کے بارے میں حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ’’ حرمت والے چار مہینوں کے بارے میں بتانے کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلمنے فرمایا: ’’ یہ کون سا مہینہ ہے؟‘‘ہم نے عرض کیا : ’’ اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم بہتر جانتے ہیں۔‘‘ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم خاموش ہو گئے اور ہم نے گمان کیا کہ شاید اس مہینے کا نام دوسرا فرمائیں گے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’کیا یہ ذی الحجہ نہیں ہے؟‘‘ہم نے عرض کیا: ’’ بے شک کیوں نہیں ۔ ‘‘پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ یہ کون سا شہر ہے؟ ‘‘ہم نے عرض کیا: ’’اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم بہتر جانتے ہیں۔‘‘ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم خاموش ہو گئے اور ہمیں یہ خیال پیدا ہونے لگا کہ دوسرا نام ارشاد فرمائیں گے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ کیا یہ شہر مکہ مکرمہ نہیں ہے؟ ‘‘ہم نے عرض کیا: ’’بے شک شہر مکہ مکرمہ ہے۔ ‘‘پھر فرمایا: ’’آج کون سا دن ہے؟‘‘ ہم نے عرض کیا : ’’اللہ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم بہتر جانتے ہیں۔ ‘‘پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم خاموش ہو گئے تو ہم سمجھے کہ شاید دوسرا نام بتائیں گے۔آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ کیا آج یوم النحر نہیں ہے؟‘‘ ہم نے کہا : ’’بے شک ہے۔‘‘ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ تمہارے خون ، تمہارے مال اور تمہاری آبروایک دوسرے پر اسی طرح حرام ہے، جیسے ان دن کی حرمت ہے۔ اس شہر کی حرمت ہے اور اس مہینے کی حرمت ہے اور بہت جلدتم اپنے رب سے ملو گے اور وہ تم سے تمہارے اعمال کے بارے میں پوچھے گا۔ کیا تم میرے بعد گمراہی کی جانب پلٹ کر ایک دوسرے کی گردن اڑانے لگو گے؟ سن لو جو یہاں حاضر ہے ۔ وہ یہ باتیں ان لوگوں تک پہنچا دیںجو حاضر نہیں ہیں۔ کیوں کہ بعض اوقات پہچانے والے سے زیادہ سننے والا یاد رکھتا ہے۔‘‘علامہ عماد الدین ابن کثیر نے تاریخ ابن کثیر میں لکھا ہے کہ یہ خطبہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے منیٰ میں فرمایا۔

آج اسلام مکمل ہو گیا

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم میدان عرفات میں اپنی اونٹنی قصویٰ پر بیٹھے لگ بھگ سوا لاکھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے خطاب فرما رہے تھے کہ اللہ تعالیٰ نے وحی کا نزول کیا اور یہ آیت نازل ہوئی: (ترجمہ ) ’’ آج میں نے تمہارے لئے تمہارا دین مکمل کر دیا ہے اور تم پر اپنی نعمت پوری کر دی ہے اور تمہارے لئے اسلام کو دین پسند کیا ہے۔‘‘ یہودیوں میں سے بعض لوگوں نے حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ سے کہا: ’’ اگر یہ آیت ہم پر نازل ہوتی تو اس دن کو ( جس دن یہ آیت نازل ہوئی) ہم ضرور عید کے طور پر مناتے۔ ‘‘حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے فرمایا۔: ’’کون سی آیت کے بارے میں کہتے ہو؟ ‘‘ یہودیوں نے جواب دیا: ( ترجمہ )’’ آج میں نے تمہارے لئے تمہارا دین مکمل کر دیا ہے اور تم پر اپنی نعمت پوری کر دی ہے اور تمہارے لئے دین کے طور پر اسلام کو پسند کیا ہے۔ ‘‘( سورہ المائدہ آیت نمبر3) اس آیت کے متعلق کہتے ہیں ۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ’’ مجھے اچھی طرح معلوم ہے یہ آیت کس جگہ نازل ہوئی ہے۔ جب یہ آیت نازل ہوئی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس وقت میدانِ عرفات میں قیام فرما تھے۔‘‘

مزدلفہ میں قیام اور منیٰ میں کنکریاں مارنا

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے خطبہ مکمل کرنے کے بعد ظہر اور عصر کی نماز ایک اذان اور دو اقامتوں سے ادا فرمائی۔ پھر ’’ موقف ‘‘ تشریف لے گئے اور جبلِ رحمت کے نیچے سورج ڈوبنے تک امت کے لئے دعائوں میں مصروف رہے۔ سورج ڈوبنے کے بعد میدانِ عرفات سے لگ بھگ سوا لاکھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ساتھ ’’مزدلفہ‘‘ پہنچے۔ یہاں پہلے مغرب پھر عشاء کی نماز ایک اذان اور دو اقامتوں سے ادا فرمائی اور ’’ مشعر حرام‘‘ کے پاس رات بھر امت کے لئے دعائیں مانگتے رہے۔ اور سورج نکلنے سے پہلے مزدلفہ سے منیٰ کے لئے روانہ ہو گئے اور وادیٔ مُحَسّر کے راستہ سے منیٰ میں ’’جمرہ‘‘ کے پاس تشریف لائے اور کنکریاں ماریں۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بلند آواز سے فرمایا: ’’ حج کے مسائل کو سیکھ لو ۔ میں نہیں جانتا کہ شاید اس کے بعد دوسرا حج کر سکوں گا۔‘‘

قربانی اور بال اتروانا

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے منیٰ میں بھی ایک طویل خطبہ دیا ۔ جس میں عرفات کے خطبہ کی طرح بہت سے مسائل و احکام کا اعلان فرمایا اور فرمایا: ’’ اے لوگو!بے شک تمہارا رب ایک ( اللہ تعالیٰ) ہے اور بے شک تمہارا باپ ( حضرت آدم علیہ السلام ) ایک ہے۔ سن لو ، کسی عربی کو کسی عجمی پر ، کسی سرخ کو کسی کالے پر اور کسی کالے کو کسی سرخ پر کوئی فضیلت نہیں ہے۔ فضیلت صرف اس کی ہے جو تقویٰ والا ہے یعنی متقی ہے۔ یعنی اس کی فضیلت تقویٰ کی وجہ سے ہے۔ ( ہم نے اوپر جو صحیح بخاری کا حضرت ابو بکر رضی اللہ عنہ کی روایت والا خطبہ پیش کیا ہے غالباً وہ منیٰ میں دیئے گئے خطبہ کا ایک حصہ ہے کیوں کہ اس میں’’ یوم النحر‘‘ کا ذکر ہے۔ علامہ عماد الدین ابن کثیر نے تاریخ ابن کثیر میں لکھا ہے کہ یہ خطبہ منیٰ میں دیا گیا تھا۔ اب حقیقت کیا ہے اس کا علم صرف اللہ تعالیٰ کو ہے ) اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم قربان گاہ تشریف لے گئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم قربانی کے لئے سو اونٹ لائے تھے۔ تریسٹھ 63اونٹ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خود قربان کئے اور باقی حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کو سونپ دیئے اور گوشت و ہڈیاں ، جھول ، نکیل سب کو خیرات کر دینے کا حکم دیااور فرمایا قصائی کی مزدوری بھی اس سے نہیں اد ا کی جائے۔ بلکہ الگ سے دی جائے۔ اس کے بعد سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے بال اتروائے۔ حضرت معمر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بال اتارے۔ سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے بالوں کا کچھ حصہ حضرت ابو طلحہ انصاری رضی اللہ عنہ کو عطا فرمایا اور باقی بال تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم میں تقسیم کر دینے کا حکم دیا۔

زمزم کا نوش فرمانا

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم اس کے بعد مکہ مکرمہ تشریف لائے اور ’’طوافِ زیارت‘‘ فرمایا۔’’ طواف زیارت‘‘ مکمل کرنے کے بعد چاہِ زمزم کے کنویں پر تشریف لائے۔ خاندانِ عبدالمطلب کے لوگ ڈول سے پانی کھینچ کھینچ کر لوگوں کو زمزم پلا رہے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا: ’’ اگر مجھے یہ اندیشہ نہ ہوتا کہ مجھے ایسا کرتے دیکھ کر لوگ سنت سمجھ لیں گے اور تمہارے ہاتھوں سے ڈول چھین کر خود اپنے ہاتھوں سے پانی بھر کر پینے لگیں گے تو میں خود اپنے ہاتھوں سے ایک ڈول ضرور نکالتا۔ ‘‘حضرت عباس بن عبد المطلب رضی اللہ عنہ نے زمزم پیش کیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خانہ کعبہ کی طر ف رخ کر کے کھڑے کھڑے زمزم کو نوش فرمایا۔ پھر منیٰ واپس تشریف لے گئے اور بارہ ذی الحجہ تک منیٰ میں مقیم رہے اور ہر روز سورج ڈھلنے کے بعد جمروں کو کنکریاں مارتے رہے۔ تیرہ ذی الحجہ منگل کے دن آپ صلی اللہ علیہ وسلم سورج ڈھلنے کے بعد منیٰ سے روانہ ہو کر ’’محصب‘‘ میں رات بھر مقیم رہے اور صبح کو نماز فجر مسجد حرام میں ادا کر کے’’ طواف ِ وداع ‘‘کیا اور مہاجرین اورانصار صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ساتھ مدینہ منورہ روانہ ہو گئے۔

تعلیمی حج

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے لگ بھگ سوا لاکھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ساتھ حج فرمایا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم حج کے ارکان ادا کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی تعلیم بھی دیتے جا رہے تھے۔ عرفہ یعنی میدان عرفات میں ٹھہر کر سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ یہ مقام اس پہاڑ کا جس پریہ واقع ہے ’’موقف ‘‘ہے۔ اور تمام عرفہ یعنی تمام میدان ِ عرفات ’’موقف ‘‘ہے۔‘‘ اسی طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مزدلفہ کی صبح کو قزح پر قیام فرمایا اور یہ فرمایا : ’’ یہ’’ موقف ‘‘ہے اور تمام مزدلفہ ’’موقف ‘‘ہے۔ ‘‘اسی طرح جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے قربان گاہ میں قربانی کی تو فرمایا: ’’یہ ’’قربان گا ہ ‘‘ہے اور پورا منیٰ’’ قربان گاہ ‘‘ہے۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حج پورا کیا اور تمام مسلمانوں کو حج کے سب مناسک سمجھا اور بتا دیئے اور حج کے موقع پر مواقف، رمی جمار، خانہ کعبہ کے طواف اور سعٔی میں جو فرائض ہیں وہ بتائے اور حج میں کن باتوں کو حلال کیا گیا ہے اور کن باتوں کو حرام کیا گیا ہے۔ وہ تفصیل سے بتائے۔ اس طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ حج صرف حج نہیں ہوا بلکہ پوری امت کے لئے’’ تعلیمی حج‘‘ ہوا ہے۔

حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کا حکم

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کو تین سو صحابہ رضی اللہ عنہم کے ساتھ یمن بھیجا تھا۔ جب حضرت علی رضی اللہ عنہ کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی حج کے لئے روانگی کی اطلاع ملی تو آپ رضی اللہ عنہ نے ایک صحابی رضی اللہ عنہ کو اپنا نائب بنا کر لشکر کا سپہ سالار بنا دیا اور ان سے کہا کہ تم معمول کی رفتار سے آئو اور خود تیز رفتاری سے مکہ مکرمہ روانہ ہو گئے اور وقت پر پہنچ کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ حج کیا۔ جن صحابی رضی اللہ عنہ کو حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ نے نائب بنایا تھا ۔ انہوں نے جزیہ میں جو اعلیٰ درجے کے کپڑے وصول ہوئے تھے ان سب کو بھنڈار خانے سے نکلوا کر اپنی فوج کو پہنا دیئے۔ جب یہ فوج مکہ مکرمہ آئی تو حضرت علی رضی اللہ عنہ نے دیکھا کہ پورا لشکر بہترین لباس میں ملبوس ہے۔ یعنی یمن کے حلّے پہنے ہوئے ہے۔ حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ نے اپنے نائب سے اس بارے میں دریافت فرمایا تو انہوں نے کہا: ’’ میں نے یہ حلّے انہیں اس لئے پہنا دیئے کہ جب یہ سامنے سے گزریں تو بھلے معلوم ہوں۔ ‘‘حضرت علی رضی اللہ عنہ نے فرمایا : ’’یہ کوئی وجہ نہیں ہوئی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں پہنچنے سے پہلے تم لوگ ان حلّوں کو اتار دو۔‘‘ اور وہ تمام بہترین لباس لشکر سے اتروا کر توشتہ خانے میں رکھوا دیئے۔ یہ بات لشکر کے کچھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو ناگوار گزری تو انہوں نے اس کا شکوہ کیا۔

حضرت علی رضی اللہ عنہ اللہ کی راہ میں بہت سخت ہیں

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں حاضری سے پہلے حضرت علی رضی اللہ عنہ نے اپنے پورے لشکر کے پہنے ہوئے یمن کے حلّے ( بہترین لباس) اتروا دیئے۔ یہ بات لشکر کے کچھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو نا گوار گزری تو انہوں نے سید ا لانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم سے حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کی شکایت کی۔ ان میں حضرت بُریدہ رضی اللہ عنہ بھی تھے۔ آپ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں:’’ میں نے حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کے ساتھ یمن پر حملہ کیااور میں نے ان سے بد سلوکی محسوس کی۔ جب میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں حاضر ہوا تو حضرت علی الرمرتضیٰ رضی اللہ عنہ کی شکایت کی۔ میں نے دیکھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا چہرہ متغیر ہو گیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اے بریدہ رضی اللہ عنہ ! کیا میں مومنین کو ان کی جانوں سے عزیز ( پیارا ) نہیں ہوں؟ ‘‘میں نے عرض کیا: ’’ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! بے شک ایسا ہی ہے۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ جسے میں محبوب ہوں اسے علی رضی اللہ عنہ بھی محبوب ہے۔‘‘ ( یعنی جو مجھ سے محبت کرتا ہے ۔ اسے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے بھی محبت کرنا چاہیئے) حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : ’’ لوگوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے شکایت کی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کھڑے ہوئے اور خطبہ دیا اور میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے : ’’ اے لوگو! حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کی شکایت مت کرو۔ اللہ کی قسم !وہ اللہ کے لئے اللہ کی راہ میں بہت سخت ہیں۔ ‘‘

حج کے دوران سید الانبیاء ﷺ کے خطبے

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے لگ بھگ سوا لاکھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ساتھ حج کیا۔ اس حج کے دوران آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پانچ خطبے دیئے۔ پہلا خطبہ ذی الحجہ کی سات تاریخ کو مکہ مکرمہ میں دیا۔ دوسرا خطبہ عرفہ کے دن میدان ِ عرفات میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دیا۔ تیسرا خطبہ منیٰ میں یوم النحر یعنی قربانی کے دن دیا۔ چوتھا خطبہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے منیٰ میں ہی یومِ قر کے دن دیا۔ اور پانچواں خطبہ بھی آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے منیٰ میں ہی یوم نفر اول کے دن دیا۔ یہ کل پانچ خطبے سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے حج کے دوران دیئے۔ یہاں یہ بات یاد رکھیں کہ خطبہ غدیر خم پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حج سے واپسی کے دوران دیا تھا۔

باقی ان شاءاللہ اگلی قسط میں.......!


38 سیرت سید الانبیاء ﷺ Seerat un Nabi


38 سیرت سید الانبیاء ﷺ

وصال مبارک۔ قسط نمبر 1

تحریر:شفیق احمد ابن عبد اللطیف آئمی


خطبہ غدیر خم، وصال کی طرف اشارہ، اللہ تعالیٰ سے ملنے کی تیاری، ماہِ رمضان میں ہی اندازہ ہو گیا تھا، اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول ﷺ  کو اختیار دیا، اﷲ تعالیٰ کا فرمان :’’ہم راضی کر لیں گے ‘‘، ملک الموت اجازت لے کر حاضر ہوئے، اللہ تعالیٰ ملاقات کا مشتاق ہے، مرض ( بیماری ) کی شروعات، بیماری میں خطبہ، دنیا کی محبت کا ڈر، ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نماز پڑھائیں


خطبہ غدیر خم

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم مکہ مکرمہ میں حج مکمل کر کے مدینہ منورہ کے لئے واپس روانہ ہوئے اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ساتھ میں تھے۔ راستے میں کچھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم جو یمن میں حضرت علی رضی اللہ عنہ کے لشکر میں شامل تھے۔ ان کی شکایت سامنے آئی۔ اسی دوران آپ صلی اللہ علیہ وسلم’’ غدیر خم‘‘ کے تالاب پر پہنچ چکے تھے اور پڑائو ڈالنے کا حکم دے دیا تھا ۔ اس مقام پر سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک خطبہ دیا۔ جو ’’خطبہ غدیر خم ‘‘کے نام سے مشہور ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا کی ۔ اس کے بعد فرمایا: ’’ اے لوگو! میں بھی ایک انسان ہوں اور ممکن ہے اللہ کا فرشتہ ( ملک الموت) جلد آجائے اور مجھے اس کا پیغام قبول کرنا پڑے۔ میں تمہارے درمیان دو بھاری چیزیں چھوڑ رہا ہوں۔ ایک اللہ کی کتاب جس میں ہدایت اور روشنی ہے اور دوسرے میرے اہل بیت ہیں۔ میں اپنے اہلِ بیت کے بارے میں تمہیں اللہ کی یاد دلاتا ہوں۔‘‘ امام مسلم نے یہ خطبہ مختصر میں ذکر کیا ہے۔ لیکن علامہ ابن کثیر نے تفصیل سے پیش کیا ہے۔ حضر ت زید بن ارقم رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حجتہ الوداع سے واپس لوٹے تو غدیر خم پر اترے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے وہاں ایک سائبان لگایا گیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم خطبہ دینے کے لئے کھڑے ہوئے اور اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا بیان کرنے کے بعد اور بھی بہت سی باتیں فرمائیں۔ پھر فرمایا: ’’ مجھے ( حضرت علی کے بارے میں ) یوں بتایا گیا ہے اور میں نے جواب دیا ہے۔ میں تم میں دو گراں قدر چیزیں ایک اللہ کتاب( قرآن پاک) اور دوسرے میرے اہل ِ بیت چھوڑے جا رہا ہوں۔ پس دیکھو تم ان دونوں کے بارے میں میری کیسے نیابت کرتے ہو اور یہ دونوں چیزیں ایک دوسرے سے الگ نہیں ہوں گی۔ یہاں تک کہ حوضِ کوثر پر آجائیں گے۔ ‘‘پھر فرمایا: ’’ اللہ میرا مولی ہے اور میں ہر مومن کا ولی ہوں۔‘‘ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ عنہ کا ہاتھ پکڑ کر فرمایا: ’’جسے میں محبوب ہوں ، یہ اس کا ولی ہے۔ اے اللہ !جو اس سے محبت کرے تُو اس سے محبت کر اور جو اس سے عداوت رکھے تُو اس سے عداوت رکھ۔ ‘‘

مدینہ منورہ واپسی

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ منورہ کے انصار اور مہاجرین کے ساتھ مدینہ منورہ کی طرف روانہ ہوئے اور دوسرے قبائل کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم اپنے اپنے علاقوں کی طرف روانہ ہو گئے۔ ذی الحجہ 10 ؁ھجری کے آخری دنوں میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ منورہ کے قریب پہنچے اور ذو الحلفیہ میں پڑائو ڈال دیا اور رات وہیں گزاری۔ کیوں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم رات کے وقت مدینہ منورہ میں داخل ہونا پسند نہیں فرماتے تھے۔ صبح ہوئی تو فجر کی نماز کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم مدینہ منورہ روانہ ہوئے۔ جب مدینہ منورہ پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نظر مبارک پڑی تو فرمایا: ’’ اللہ تعالیٰ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے۔ وہ تنہا ہے۔ اس کا کوئی شریک نہیں ہے۔ حکومت اور تعریف اسی کی ہے اور وہ ہر چیز پر پوری قدرت رکھتا ہے۔ ہم لوٹنے والے ہیں توبہ کرتے ہوئے اپنے پروردگار کے لئے سجدہ کرتے ہوئے اللہ کا وعدہ سچا ہوگیا۔ اس نے اپنے بندے کی مدد اور نصرت کی اور سب گروہوں کو اس نے تنہا شکست دی۔‘‘ اس کے بعد سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم دن کے وقت معرّ س کے راستے سے مدینہ منورہ میں داخل ہوئے۔

وصال کی طرف اشارہ

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے حجتہ الوداع کے دوران ہی اپنے وصال کی طرف اشارہ کر دیا تھا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو سورہ النصر کے نزول سے اشارہ مل گیا تھا۔ حضرت عبداللہ بن عمر فاروق رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : ’’ سورہ اذا جآئَ نصر اللہ والفتح ‘‘( حج کے دوران) ایامِ تشریق میں نازل ہوئی تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سمجھ لیا کہ یہ حج الوداعی ہے۔ پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی ناقہ قصوا کو لانے کا حکم دیا۔ جسے کجاوہ ڈال کر لایا گیا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خطبہ دیا اور اس میں یہ آیت تلاوت فرمائی ۔ آج میں نے تمہارے لئے تمہار ادین مکمل کر دیا اور تم پر اپنی نعمت پوری کر دی ہے اور تمہارے لئے دین کے طور پر اسلام کو پسند کیا ہے۔ ( سورہ المائدہ آیت نمبر3) تو حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ روپڑے۔ آپ رضی اللہ عنہ سے پوچھا گیا : ’’ آپ رضی اللہ عنہ کیوں رو رہے ہیں؟ ‘‘ انہوں نے فرمایا : ’’ ہر کمال کے بعد کمی ہوتی ہے۔‘‘ گویا آپ رضی اللہ عنہ کو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کا احساس ہو گیا تھا اور اسی حج کے دوران آگے چل کر منیٰ میں رمی جمارکے وقت سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی اپنے وصال کی طرف اشارہ کر دیا تھا اور فرمایا تھا : ’’مجھ سے حج کے مناسک سیکھ لو ۔ شاید میں اس سال کے بعد حج نہ کرسکوں۔‘‘

اللہ تعالیٰ سے ملنے کی تیاری

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم حجتہ الوداع سے ذی الحجہ 10 ؁ ہجری کے آخری دنوں میں مدینہ منورہ واپس آئے اور چند دنوں بعد محرم الحرام 11 ؁ ہجری شروع ہو گیا۔ حجتہ الوداع سے واپسی کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا زیادہ وقت اللہ تعالیٰ کی عبادت ، تسبیح، تمحید اور امت کے لئے توبہ اور استغفار میں گزرنے لگا۔ کیوں کہ اللہ تعالیٰ نے سورہ النصر میں اپنی ملاقات کی طرف اشارہ دے دیا تھا : ( ترجمہ) ’’جب اللہ کی نصرت اور فتح آجائے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم دیکھیں کہ لوگ جوق در جوق اسلام میں داخل ہو رہے ہیں تو اب اللہ کی تسبیح ، تمحید اور ( امت کے لئے ) استغفار میں مشغول ہو جائو۔ بے شک اللہ تعالیٰ بڑی توجہ فرمانے والا ہے۔‘‘ ( سورہ النصر مکمل سورہ ) یعنی جب فتح و نصرت آچکی جس کا اللہ تعالیٰ نے وعدہ فرمایا تھا اور کفر اور شرک کا سر کچل دیا گیا اور اسلام و توحید کو سر بلندی حاصل ہو گئی اور حق کو باطل کے مقابلہ میں فتح مبین حاصل ہو گئی اور لوگ فوج در فوج اسلام میں داخل ہونے لگے اور اللہ تعالیٰ کا پیغام دنیا والوں تک پہنچا دیا گیا اور دین مکمل ہو گیا تو سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کو دنیا میں بھیجنے کا جو مقصد تھا وہ پورا ہو گیا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا کام خوب اچھی طرح سے مکمل کر دیا ہے تو اب اللہ تعالیٰ سے ملنے کی تیاری کریں۔ اللہ کے گھر کی زیارت توکر چکے اب اللہ تعالیٰ کی زیارت کی تیاری کریں۔ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ’’ امیر المومنین حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے مجھ سے اذا جآئَ نصر اللہ والفتح ( سورہ النصر) کے بارے میں دریافت فرمایا تو میں نے عرض کیا : ’’ یہ ( سورہ ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کی خبر ہے۔‘‘ اس پر حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ’’ اللہ کی قسم! جتنا تم نے بتایا میں بھی وہی جانتا ہوں۔ ‘‘

رسول اللہ ﷺ کو ماہِ رمضان میں ہی اندازہ ہو گیا تھا

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم محرم الحرام 11 ؁ ہجری میں اسی لئے اپنا زیادہ وقت اللہ تعالیٰ کی تسبیح و تمحید اور امت کے لئے توبہ و استغفار میں گزارنے لگے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو ماہِ رمضان المبارک 10 ؁ہجری میں ہی اندازہ ہو گیا تھا۔ حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے : ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہر سال ماہِ رمضان المبارک میں دس دن اعتکاف فرماتے تھے۔ مگر جب وہ سال آیا جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا وصال ہوا تو اس ماہ رمضان المبارک میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیس 20دنوں کا اعتکاف فرمایا اور جبرئیل علیہ السلام ہر ماہ رمضان المبارک میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ قرآن پاک کا ایک دور کرتے تھے۔ مگر جب وہ سال آیا جس میں وصال ہوا تو دو مرتبہ قرآن پاک کا دور کرایا۔‘‘ ( صحیح بخاری) اُم المومنین سید ہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں : ’’ ان سے سیدہ فاطمہ الزہرا ء رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے راز کی باتیں فرمائیں اور فرمایا: ’’ جبرئیل علیہ السلام میرے ساتھ ہر سال ایک مرتبہ قرآن پاک کا دو رکرتے تھے مگر اس سال دو مرتبہ میرے ساتھ دور کیا۔ اس سے مجھے اندازہ ہو ا کہ میرے وصال کا وقت قریب آگیا ہے۔ ( یہ حدیث انشاء اللہ آگے ہم تفصیل سے پیش کریں گے)

اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول ﷺ  کو اختیار دیا تھا

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے وصال کا اندازہ ہو چکا تھا۔ اس لئے آپ صلی اللہ علیہ وسلم پورا ماہِ محرم الحرام 11 ؁ ہجری صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی تعلیم و تربیت اور اللہ کی تسبیح و تمحید اور امت کے لئے توبہ وا ستغفار میں گزارتے رہے۔ اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو پہلے ہی اختیار دے دیا تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم چاہیں تو دنیا میں رہیں اور امت کی فتوحات دیکھیں اور چاہیں تو اللہ تعالیٰ سے ملاقات یعنی وصال کو اختیار کر یں۔ اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنی صحت کی حالت( یعنی تندرستی کے وقت میں ) فرمایا کرتے تھے: ’’ کوئی نبی علیہ السلام کی روح اس وقت تک قبض نہیں کی گئی ہے جب تک کہ اس نبی علیہ السلام کو جنت میں ان کا مقام نہیں دکھایا گیا ہے۔ اس کے بعد اسے اختیار دیا جاتا ہے کہ وہ چاہے تو دنیا میں رہے اور چاہے تو آخرت کو اختیار کر ے۔ ‘‘اُم المومنین سید ہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: ’’ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر مرض کا نزول ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا سرِ مبارک میری گود میں تھا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر غشی طاری تھی۔ جب افاقہ ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی نگاہ مبارک حجرے ( کمرے ) کی چھت کی طرف جمائی اور فرمایا: ’’ اللھم الرفیق الاعلیٰ۔‘‘ اس وقت میں نے سمجھ لیا تھا کہ یہ وہی بات ہے جسے آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہم سے صحت کی حالت یعنی تندرستی کے وقت میں فرمایا کرتے تھے۔‘‘ اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: ’’ ہم آپس میں کہا کرتے تھے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا وصال اس وقت تک نہیں ہوگا جب تک آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دنیا اور آخرت کے درمیان اختیار نہ دیا جائے تو جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس بیماری میں مبتلا ہو ئے جس میں وصال ہوا تو اس وقت میں نے سنا آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرما رہے تھے: ( ترجمہ )’’ جن پر اللہ نے فضل کیا ، یعنی انبیاء، صدیقین ، شہدا ء اور صالحین اور یہ کیا ہی اچھے ساتھی ہیں۔‘‘ تو میں نے اندازہ کر لیا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اختیار دیا گیا ہے۔

اﷲ تعالیٰ کا فرمان :’’ہم راضی کر لیں گے ‘‘

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم سے اللہ تعالیٰ بے انتہا محبت کرتا ہے۔ ایک روایت میں ہے کہ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم وصال کی بیماری میں مبتلا ہوئے تو جبرئیل علیہ السلام تشریف لائے اور عرض کیا : ’’ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو سلام فرما یا ہے اور اپنی رحمت بھیجی ہے اور فرما رہا ہے ۔ اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم چاہیں تو میں ( اللہ تعالیٰ) آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو شفاء ( تندرستی یعنی بیماری سے اچھا کردوں) دے دوں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی کفایت کروںیا پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم چاہیں تو میں ( اللہ تعالیٰ) آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو وصال دے دوں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سبب ( امت کی ) مغفرت کر وں۔ سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ یہ اختیار میرے رب ( اللہ تعالیٰ ) کو ہی ہے کہ وہ جو چاہے میرے ساتھ کرے۔ ‘‘حضرت جعفر بن علی رضی اللہ عنہ اپنے والد سے روایت کرتے ہیں۔ انہوں نے فرمایا: ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کو ابھی تین دن باقی تھے کہ جبرئیل علیہ السلام حاضر ہوئے اور عرض کیا : ’’ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! اللہ تعالیٰ نے مجھے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اعزاز و اکرام اور خاص آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے بھیجا ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے وہ بات دریافت فرما رہا ہے ۔ جس کو وہ اچھی طرح جانتا ہے۔ اللہ تعالیٰ فرما رہا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے آپ کو کیسا محسوس کر رہے ہیں یا کیسا پاتے ہیں؟‘‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ میں خود کو ( اپنی امت کے لئے ) مغموم پاتا ہوں یا مغموم پا رہا ہوں۔‘‘صحیح مسلم میں حدیث قدسی میں ہے کہ اﷲ تعالیٰ نے جبرئیل علیہ السلام سے فرمایا : ’’ اے جبرئیل ! (علیہ السلام ) محمد (صلی اﷲ علیہ وسلم ) کی خدمت میں حاضر ہو کر کہو : ہم آپ صلی اﷲ علیہ وسلم کو آپ صلی اﷲ علیہ وسلم کی اُمت کے متعلق راضی کر لیں گے اور آپ صلی اﷲ علیہ وسلم کو ناراض نہیں کریں گے ۔‘‘ ( صحیح مسلم ، کتاب الایمان )

ملک الموت اجازت لے کر حاضر ہوئے

دوسرے دن پھر جبرئیل علیہ السلام آئے اور وہی سوال کیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وہی جواب دیا۔ تیسرے دن پھر جبرئیل علیہ السلام حاضر ہوئے ۔ ان کے ساتھ ملک الموت تھے۔ ( لیکن وہ دروازے پر رک گئے تھے) جبرئیل علیہ السلام نے پھر وہی سوال کیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وہی جواب دیا کہ میں اپنے آپ کو ( امت کے لئے ) مغموم پا رہا ہوں۔ اس کے بعد جبرئیل علیہ السلام نے عرض کیا: ’’ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! یہ ملک الموت آئے ہیں اور حاضر ہونے کی اجازت مانگ رہے ہیں۔ حالانکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے پہلے کسی انسان کے پاس جانے سے پہلے انہوں نے کبھی اجازت نہیں لی ہے اور نہ ہی آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے بعد کسی شخص سے اجازت چاہیں گے۔ (یعنی بغیر اجازت اس کے پاس پہنچ جائیں گے) ۔

اللہ تعالیٰ ملاقات کا مشتاق ہے

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ ان کو اجازت دے دو۔ ‘‘ملک الموت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے آکر کھڑے ہو گئے اور عرض کیا: ’’ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !اللہ تعالیٰ نے مجھے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف بھیجا ہے اور مجھے حکم دیا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مجھے جو حکم دیں میں اس پر عمل کروں۔ اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم مجھے اپنی روح قبض کرنے کا حکم دیں گے تو میں اسے قبض کروں گااور اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم مجھے اپنی روح کو چھوڑنے کا حکم دیں گے تو میں چھوڑ دوں گا۔‘‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اے ملک الموت !کیا تم یہ کرو گے؟ ‘‘ملک الموت نے عرض کیا: ’’ہاں !مجھے اسی کا حکم دیا گیا ہے۔‘‘ اس وقت جبرئیل علیہ السلام نے عرض کیا : ’’یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !اللہ تعالیٰ ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ’’لقا ‘‘( ملاقات ) کا مشتاق ہے۔ ‘‘یہ سن کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اے ملک الموت !جس بات کا تمہیں حکم دیا گیا ہے اس پر عمل کرو۔‘‘

مرض ( بیماری ) کی شروعات

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے محرم الحرام کا پور ا مہینہ گزارا اور صفر المظفر 11 ؁ ہجری کے درمیانی یا آخری دنوں میں اس مرض ( بیماری) کی شروعات ہوئی جس میں وصال ہوا۔ حضرت ابو مو یھبہ رضی اللہ عنہ روایت کرتے ہیں۔ یہ سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے غلام تھے ۔انہوں نے فرمایا: ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک رات مجھے جگا کر فرمایا: ’’ اے ابو مویھبہ رضی اللہ عنہ! مجھے حکم دیا گیا ہے کہ میں بقیع والوں کے لئے اللہ تعالیٰ سے استغفار کروں ۔ ‘‘میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ چلا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جنت البقیع قبرستان میں تشریف لائے اور دستِ مبارک اٹھا کر اُن کیلئے استغفار فرمائی۔ اس کے بعد فرمایا ’’تمہیں مبارک ہو جس امن کی حالت میں تم نے صبح کی اور جس امن کی حالت میں لوگوں نے صبح کی۔ اب وقت آگیا ہے اور اندھیری رات کے ٹکڑوں کی طرح فتنے برپا ہوں گے اور ہر فتنہ اپنے سے پہلے والے فتنے سے بڑا ہوگا۔ اے ابو مویھبہ رضی اللہ عنہ ، مجھے دنیا کے خزانوں اور اس میں ( دنیا میں ) ہمیشہ رہنے کی کنجیاں دی گئیں۔ اس کے بعد جنت اور اس کے بعد اپنے لقاء رب ( اللہ تعالیٰ سے ملاقات ) کے درمیان مجھے اختیا ر دیا گیا تو میں نے لقا ء رب کو قبول کر لیا۔‘‘ اس کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم واپس تشریف لائے۔ اس کے بعدآپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اس تکلیف کی شروعات ہوئی جس میں وصال ہوا۔ امام ابن سعد نے اسی مضمون کی حدیث سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے غلام حضرت ابو رافع رضی اللہ عنہ سے روایت کی ہے۔

ازواجِ مطہرات سے اجازت لے کر حجرۂ عائشہ میں

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں : ’’ جنت البقیع سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سیدھے میرے پاس آئے۔ میرے سر میں درد تھا۔ اور میں کراہ رہی تھی اور کہہ رہی تھی’’ ہائے سر کا درد۔‘‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ تم سے زیادہ شدید سر کا درد مجھے ہے۔ ‘‘پھر فرمایا: ’’ اے عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا ! اگر تم مجھے سے پہلے انتقال کر جائو گی تو تمہار ا کوئی حرج نہیں ہوگا۔ میں تم کو کفن دوں گا اور نماز پڑھوں گا اور تم کو اپنے ہاتھوں سے دفن کر وں گا۔‘‘ میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے مذاق میں عورتوں والے ناز سے کہا: ’’ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم دوسری بیویوں کے ساتھ آرام سے رہنے لگیں گے۔‘‘ میری بات سن کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہنس پڑے اور مسکرانے لگے۔ اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا درد بڑھتا چلا گیا ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم باری باری امہات المومنین کے یہاں ایک ایک شب گزارتے تھے۔ جس روز آپ صلی اللہ علیہ وسلم ، اُم المومنین سیدہ میمونہ رضی اللہ عنہا کے حجرے میں درد کی شدت بہت زیادہ ہو گئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی سب ازواج مطہرات کو جمع کر کے ان سے بیماری کی حالت میں میرے حجرے میں رہنے کی اجازت لی۔ سب ازواج مطہرات نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اجازت دے دی۔ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم میرے حجرے میں تشریف لے آئے۔ ‘‘

بیماری میں خطبہ

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم حجرۂ عائشہ رضی اللہ عنہا میں قیام پذیر ہو گئے۔ اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا آگے فرماتی ہیں: ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تمام ازواج مطہرات سے اجازت لے کر جب میرے حجرے میں آئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سرِ مبارک پر پٹی بندھی ہوئی تھی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے خاندان کے دو آدمیوں کے سہارے اُن کے کاندھے پر ہاتھ رکھے آرہے تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے قدمِ مبارک صرف زمین کو چھو رہے تھے۔ (یعنی زیادہ وزن ان دو آدمیوں کے کاندھوں پر ڈالا ہوا تھا) اس طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم میرے حجرے میں تشریف لائے۔ اُن دو آدمیوں میں سے ایک حضرت فضل بن عباس رضی اللہ عنہ تھے اور دوسرے ایک شخص تھے۔ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : ’’ وہ دوسرے شخص حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ تھے۔‘‘ جب ذرا طبیعت سنبھلی تو مسجد نبوی میں خطبہ دیا۔ حضرت فضل بن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : ’’ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا تو دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سر میں سخت درد ہے اور اسی وجہ سے پٹی باندھ رکھی ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: ’’ اے فضل رضی اللہ عنہ !میرا ہاتھ تھامو۔‘‘ میں نے ہاتھ تھام لیااور سہار اد یتا ہوا لے کر چلا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسجد نبوی میں منبر پر آکر بیٹھے اور فرمایا سب کو بلا لائو۔ سب جمع ہو گئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اے لوگو!میں تمہارے سامنے اُس اللہ تعالیٰ کی تعریف کرتا ہوں جس کے سواکوئی معبود نہیں ہے۔ تم لوگوں کے میرے ذمے بہت سے حقوق ہوں گے۔ لہٰذا جس کی پیٹھ پر میں نے کوڑے مارے ہوں اس کے لئے میری پیٹھ حاضر ہے۔ وہ اپنا بدلہ لے لے اور جس کسی کو میں نے برا کہا ہو میں موجود ہوں وہ مجھے برا کہہ لے۔ کینہ پروری میری سر شت میں نہیں ہے اور نہ ہی میری عادت میں ہے۔ میں تم میں سے اُس شخص کو زیادہ پسند کروں گا جو اپنا حق ابھی مجھ سے لے لے یا معاف کر دے۔ تا کہ میں اپنے رب سے بالکل پاک نفس ہو کر ملوں ۔‘‘ اتنا فرما کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم منبر سے اتر آئے اور ظہر کی نماز پڑھی۔

حق اُس طرف ہو گا جس طرف عمر فاروق ہوں گے

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم ظہر کی نماز ادا کرنے کے بعد پھر منبر پر تشریف فرما ہوئے اور اپنے خطبے کو آگے بڑھایا۔ ایک شخص نے کھڑے ہو کر کہا: ’’ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! میرے تین درہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر قرض ہیں۔ ‘‘رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: ’’ اے فضل بن عباس رضی اللہ عنہ! اسے تین درہم ادا کر دو۔ ‘‘میں نے ادائیگی کے لئے کہا تو وہ شخص بیٹھ گیا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اے لوگو! جس کے پاس میرا کچھ ہو وہ دے دو اور اس کو دنیا کی رسوائی نہ سمجھے کیوں کہ دنیا کی رسوائی آخرت کی رسوائی سے بہت معمولی ہے۔‘‘ اس پر ایک شخص نے کھڑے ہو کر کہا: ’’یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !میرے اوپر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے تین درہم قرض ہیں۔ میں نے وہ اللہ کی راہ میں خرچ نہیں کئے ۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ کیوں نہیں کئے؟ ‘‘ اس نے کہا: ’’ مجھے ان کی ضرورت تھی۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: ’’ اے فضل رضی اللہ عنہ ! یہ رقم ان سے لے لو۔‘‘ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اے لوگو! تم میں سے جس کو اپنی بد اعمالی کی وجہ سے ( آخرت میں ) اندیشہ ہو ، وہ کھڑا ہو کر بیان کر دے ۔ تا کہ میں اس کے لئے دعا کروں۔‘‘ اس پر ایک شخص کھڑ اہوا اور کہا: ’’یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !میں کذاب ہوں۔ بد کار ہوںاور ہر وقت سوتا رہتا ہوں۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے دعا فرمائی: ’’ اے اللہ تعالیٰ !اسے سچا بنا اور ایمان عطا فرما اور یہ جب چاہے اس کی نیند دور ہو جایا کرے۔‘‘ اس کے بعد ایک اور شخص نے کھڑے ہو کر کہا: ’’یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !میں کذاب ہوں اور منافق ہوں اور ایسی کوئی برائی نہیں ہے جو میں نے نہیں کی ہے۔ ‘‘یہ سن کر حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ’’اے شخص تونے اپنے آپ کو رسوا کر لیا۔‘‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اے عمر فاروق رضی اللہ عنہ !اس دنیا کی رسوائی آخرت کی رسوائی سے اچھی ہے۔ اے اللہ تعالیٰ ! تُو اس شخص کو سچا بنا ۔ ایمان عطا فرما اور نیک کردار بنا۔‘‘ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے اس شخص سے فرمایا: ’’ اب تم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے باتیں کرو۔‘‘ اس جملے پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہنس پڑے اور پھر فرمایا: ’’ عمر فاروق میرے ساتھ ہے اور میں عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے ساتھ ہوں اور میرے بعد حق اسی طرف ہو گا جس طرف عمر فاروق رضی اللہ عنہ ہوں گے۔‘‘

اگر میں کسی خلیل ( دوست) بنانا تو ابو بکر صدیق کو بنانا

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بیماری کے دوران خطبہ دیا۔ حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : ’’ ایک دن رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کو خطبہ دیا اور فرمایا: ’’ ایک بندہ ہے جس کو اللہ تعالیٰ نے اختیار دیا کہ جو کچھ دنیا میں ہے اور جو کچھ اللہ تعالیٰ کے پاس ہے ان دونوں میں سے کسی ایک کو اختیار کر لے تو اُس بندے نے اس کو اختیار کیا جو اللہ تعالیٰ کے پاس ہے۔‘‘ یہ سن کر حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ رونے لگے۔ ہم سب نے ان کے رونے کو حیرت سے دیکھا ۔ کیوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تو ایک بندے کی خبر دے رہے ہیں کہ اُس نے جو اختیار کیا ہے ۔ بعد میں ہمیں معلوم ہوا کہ وہ اختیار کرنے والے بندے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تھے اور حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ ہم میں سب سے زیادہ علم والے تھے۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اے ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ !تم روئو نہیں ۔ تمام لوگوں میں اپنی رفاقت اور مال خرچ کرنے میں سب سے زیادہ ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ میرے محسن ہیں۔ اگر میں کسی کو خلیل ( دوست ) بناتا تو ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو بناتا۔ لیکن میرے اور ان کے درمیان اسلامی اخوت کا رشتہ ہے اور مسجد میں کھلنے والے تمام دروازوں کو بند کر دیا جائے۔ لیکن ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے دروازے کو بند نہ کیا جائے۔‘‘

لشکر اُسامہ بن زید روانہ کرنا

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی طبیعت نا ساز چل رہی تھی۔ اس کے باوجود آپ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے پیغام اسلام کو دنیا والوں تک پہنچانے کی کوشش میں مصروف تھے۔ اسی کو شش میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ کی سپہ سالاری میں صفر المظفر 11 ؁ ہجری ختم ہونے میں چار روز رہ گئے تھے تو رومیوں کی طرف ایک لشکر روانہ کر نے کا اعلان فرمایا اور اگلے دن حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ کو بلایا اور فرمایا: ’’اس مقام تک تیزی سے جانا جہاں تمہارے والد شہید ہو ئے تھے اور جاسوسوں کی اطلاعات سے پہلے دشمن کے سر پر پہنچ جائو۔ اگر اللہ تعالیٰ تمہیں فتح عطا فرمائے تو ان لوگوں میں زیادہ نہ ٹھہرنا ۔‘‘ اگلے روز سر کے درد میں شدت پیدا ہو گئی اور بخار بھی ہو گیا۔ اس تکلیف کے باوجود جمعرات کے دن آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے دست مبارک سے حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ کو جھنڈا باندھ کر دیا اور فرمایا:’’ اللہ کا نام لے کر اللہ کے راستے میں جہاد کے لئے جائو اور جنہوں نے کفر کیا اُن سے جنگ کرو۔‘‘

لشکر اسامہ کے بارے میں خطبہ

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ کو سپہ سالار بنایا۔ ان کی عمر سترہ یا اٹھارہ یا بیس سال تھی۔ کچھ لوگوں کو نوجوان سپہ سالار پر اعتراض ہو ا ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اس اعتراض کی خبر ہوئی تو اسی حالت میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم حجرہ ٔ عائشہ رضی اللہ عنہا سے باہر آئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سرِ مبارک پر پٹی بندھی ہوئی تھی اور بدن پر چادر تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم منبر پر تشریف فرما ہوئے۔اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا بیان فرمائی اور پھر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے خطاب کر کے فرمایا: ’’ اے لوگو! یہ کیسی باتیں ہی جو میرے اسامہ بن زیاد کو امیر بنا دینے پر تم لوگوں کی طرف سے مجھ تک پہنچی ہیں۔ اس سے پہلے ایک بار جب میں نے اسامہ کے والد زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ کو امیر بنایا تھا تو طعن کیا گیا تھا۔ جب کہ اللہ کی قسم ! زید بن حارثہ سپہ سالاری کے لئے موزوں تھے اور ان کے بیٹے اسامہ بن زید سپہ سالاری کے لئے موزوں ہیں اور یہ میرے نزدیک محبو ب ہیں۔ اس لئے اسامہ کے بارے میں خیر کا گمان رکھوکیوں کہ وہ تم میں سے بہترین لوگوں میں سے ہے۔‘‘

دنیا کی محبت کا ڈر

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے آخری وقت میں بھی اُمت کی فکر تھی۔ حضرت عقبہ بن عامر رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک دن ( ہمارے درمیان) تشریف لائے اور فرمایا: ’’ میں تمہارا پیش رو ہوں اور میں تمہارا گواہ ہوں۔ اللہ کی قسم !میں اپنے حوض( کوثر) کو دیکھ رہا ہوں اور مجھے زمین کے خزانوں کی کنجیاں دی گئی ہیں۔ اللہ کی قسم ! مجھے اس بات کا ڈر نہیں ہے کہ تم میرے بعد شرک کرو گے ۔ لیکن مجھے اس بات کا ڈر ہے کہ تم دنیا کی محبت میں مبتلا ہو جائوگے اور اسے حاصل کرنے کے لئے ایک دوسرے سے مقابلہ کرو گے۔‘‘

لشکرِ اسامہ کا مقامِ جرف پر جمع ہونا

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم سے جھنڈا لے کر حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ باہر آئے اور حضرت بریدہ اسلمی رضی اللہ عنہ کو جھنڈا دیا اور مہاجرین اور انصار کے ساتھ روانہ ہوئے اورمقام ’’جرف‘‘ پر پہنچ کر پڑائو ڈال اور باقی لوگوں کے جمع ہونے کا انتظار کرنے لگے۔ کیوں کہ آس پاس کے قبائل کے لوگ بھی اعلان سن کر لشکر میں شامل ہونے کے لئے آرہے تھے۔ تمام جلیل القدر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ سے اجازت لے کر مدینہ منورہ آئے کہ جب بھی لشکر روانہ ہو نے لگے تو ہمیں حکم کرنا ہم حاضر ہو جائیں گے۔ مقامِ جرف مدینہ منورہ سے لگ بھگ ایک کوس کے فاصلہ پر ہے۔

سید ہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہا کو بشارت

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی بیٹی سیدہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہا کو بلوایا۔ اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہا کو اس تکلیف کے دوران بلوایا جس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا وصال ہوا تھا اور ان سے راز کی کوئی بات کی تو وہ رونے لگیں۔ اس کے بعد پھر اُن سے راز کی کوئی بات کی تو وہ ہنسنے لگیں۔ میں نے ان سے اس بارے میں پوچھا تو سیدہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہا نے فرمایا: ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا کہ اس بیماری یا تکلیف میں ہی میرا وصال ہو جائے گا۔‘‘ یہ سن کر میں رونے لگی۔ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھ سے فرمایا: ’’ میں اُن کے اہل بیت ( گھر والوں ) میں سے سب سے پہلے آکر اُن سے ملوں گی تو میں ہنسنے لگی۔‘‘ اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی اس روایت کو امام طبرانی اور امام بیہقی نے بھی پیش کیا ہے اور اس میں اتنا زیادہ ہے کہ سید ہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہا نے فرمایا: ’’ جبرئیل علیہ السلام ہر سال ماہِ رمضان المبارک میں ایک مرتبہ قرآن پاک کا دور کراتے تھے اور اس سال انہوں نے دو مرتبہ قرآن پاک کا دور کرایا ہے جو وصال کی طرف اشارہ ہے۔‘‘ یہ سن کرمیں رونے لگی۔ پھر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اے بیٹی !مسلمان عورتوں میں سے کوئی عورت مصیبت میں تم سے اعظم نہیں ہے تو تم صبر میں ادنی عورت نہ ہونا۔ پھر فرمایا : ’’ میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اہل بیت میں سے سب سے پہلے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ملوں گی اور فرمایا تم جنت کی عورتوں کی سردار ہو۔ بجز اس کے جو مریم بنت عمران رضی اللہ عنہا سے تعلق رکھتیہوں۔‘‘

اُمت کی عورتوں کی سردار

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم حجرۂ عائشہ میں قیام پذیر تھے اور بیماری کا عالم تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام ازواج مطہرات کا زیادہ تر وقت حجرۂ عائشہ میںآپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت کرتے ہوئے گزرتا تھا۔ اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں : ’’ تمام ازواجِ مطہرات آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس اکٹھی ہو گئیں اور ان میں سے کوئی بیوی پیچھے نہ رہی۔ پس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیٹی سیدہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہا آتی ہوئی دکھائی دیں اور ان کی چال اپنے والد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرح تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں دیکھ کر فرمایا: ’’ اے میری بیٹی ! آئو خوش آمدید! ‘‘ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں اپنے دائیں یا بائیں طرف بٹھایا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے سر گوشی میں کوئی بات فرمائی تو وہ رونے لگیں ۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان سے دوبارہ سر گوشی میںکوئی بات فرمائی تو وہ مسکرانے لگیں۔ میں نے سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا سے ( اکیلے میں ) دریافت کیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سرگوشی میں کیا فرمایا تھا۔ سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: ’’ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے راز کو فاش نہیںکر سکتی۔‘‘ اس کے بعد جب رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا وصال ہو گیا تو میں نے سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا سے کہا : ’’ میرا جو حق آپ رضی اللہ عنہا پر ہے میں اس کا واسطہ دے کر پوچھتی ہوں کہ آپ رضی اللہ عنہا مجھے کب بتائیں گی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سر گوشی میں کیا فرمایا تھا؟ ‘‘ سیدہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہا نے فرمایا: ’’ ابھی بتائے دیتی ہوں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پہلی بار مجھ سے جو سر گوشی کی تھی اس میں فرمایا تھا کہ جبرئیل علیہ السلام ہر سال مجھے قرآن پاک کا ایک دور کرایا کرتے تھے اور اس سال انہوں نے دو دور کرایا ہے اور میرے خیال میں یہ اس وجہ سے ہے کہ میرے وصال کا وقت قریب آگیا ہے۔ پس ( تم ) اللہ پر بھروسہ رکھنا اور صبر کرنا۔ میں تمہارا بہترین سلف ہوں۔‘‘ یہ سن کر میں رونے لگی تھی۔ پھر اس کے بعد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دوسری مرتبہ سر گوشی میں مجھ سے فرمایا تھا : ’’کیا تم اس بات پر راضی نہیں ہو کہ تم عالمین کی عورتوں یا اس امت کی عورتوں کی سردار ہو؟ ‘‘ تو میں مسکرانے لگی۔ ایک اور روایت میں ہے کہ فرمایا : ’’ تم سب سے پہلے مجھ سے آکر ملو گی۔ ‘‘ تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کے چھ ماہ بعد ہی سیدہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہا کا بھی وصال ہو گیا اور ایک روایت میں یہ بھی ہے کہ’’ تم جنت کی تمام عورتوں کی سردار ہو گی۔‘‘

خیبر میں دیئے گئے زہر کا اثر

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے نبوت اور رسالت کے ساتھ ساتھ شہادت کی فضیلت بھی بخشی ہے۔ اس سلسلے میں حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : ’’ مجھے یہ بات زیادہ پسند ہے کہ میں نو مرتبہ اس بات کی قسم کھائوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم شہید ہوئے ہیں اور مجھے یہ بات پسند نہیں ہے کہ میں ایک مرتبہ بھی اس بات کی قسم کھائوں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم شہید نہیں ہوئے ہیں۔‘‘ حقیقت یہ ہے کہ اللہ تعالیٰ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو نبوت اور رسالت کے ساتھ ساتھ شہادت سے بھی سر فراز فرمایا ہے۔ اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں : ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا وصال جس تکلیف یا بیماری میں ہوا ہے اس تکلیف کے دوران آپ صلی اللہ علیہ وسلم فرماتے تھے: ’’ میں اس لقمہ کی تکلیف ہمیشہ محسوس کرتا رہا ہوں جو میں نے خیبر میں کھایا تھا اور اب ( تو یہ حالت ہے کہ ) اس زہر کی وجہ سے رگ جان کٹ رہی ہے۔‘‘ سیدہ اُم بشر رضی اللہ عنہا ( اُن صحابی رضی اللہ عنہ کی والدہ جو خیبر میں زہر کی وجہ سے شہید ہو گئے تھے) فرماتی ہیں: ’’ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئی اور میں نے کہا : ’’ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !میرے ماں باپ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر قربا ن ہوں ۔ اپنی جان کے بارے میں کیا محسوس کر رہے ہیں۔ میں تو اپنے بیٹے کی جان کے بارے میں وہ کھانا محسوس کرتی ہوں جو اس نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ کھایا تھا۔‘‘ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ میں بھی یہی محسوس کررہا ہوں اور اس کی وجہ سے میری رگ جاں کٹ رہی ہے۔‘‘ اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: ’’ حضرت بشر بن براء رضی اللہ عنہ کی والدہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیماری کے دوران آئیں۔ اس وقت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو بخار تھا۔ انہوں نے چھو کر عرض کیا: ’’ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! جتنا بخار میں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو پایا اتنا بخار میں نے کسی کا نہیں پایا۔‘‘ رسول اﷲ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ہمارے لئے اجر بھی اتنا ہی زیادہ ہوتا ہے جتنی زیادہ تکلیف ہمیں ہوتی ہے اور بات یہ ہے کہ جو لقمہ میں نے تمہارے بیٹے کے ساتھ خیبر میں کھایا تھا اس کی تکلیف میں ہمیشہ محسوس کرتا رہا ہوں۔ یہاں تک کہ اس وقت اسی وجہ سے رگِ جاں منقطع ہو رہی ہے۔‘‘

ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نماز پڑھائیں

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم میں جب تک طاقت رہی تب تک آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسجد نبوی میں آکر نماز پڑھاتے رہے۔ جب بیماری بہت زیادہ بڑھ گئی اور کمزوری غالب آگئی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نماز پڑھائیں۔ حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مرض نے شدت اختیار کی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ سے کہو کہ وہ لوگوں کو نماز پڑھائیں۔‘‘ اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے عرض کیا: ’’ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم !وہ رقیق القلب ( بہت نرم دل) آدمی ہیں۔ جب وہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی جگہ پر کھڑے ہو ں گے تو اتنی استطاعت نہیں رہے گی کہ وہ لوگوں کو نماز پڑھا سکیں۔‘‘ ( تمام ازواج مطہرات وہیں جمع تھیں)رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر فرمایا:’’ ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ سے کہو لوگوں کو نماز پڑھائیں۔ ‘‘ پھر اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے وہی جواب عرض کیا۔ تیسری مرتبہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ ابو بکر سے کہو لوگوں کو نماز پڑھائیں اور فرمایا: ’’ تم تو وہی عورتیں ہوجنہوں نے حضرت یوسف علیہ السلام سے مکر کیا تھا۔ ‘‘آخر کار مسجد نبوی میں خبر دی گئی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا حکم ہے کہ ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نماز پڑھائیں اور حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے نماز پڑھائی۔

قبروں کو سجدہ گاہ بنا لیا

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی بیماری کے دوران کی کیفیات بیان کرتے ہوئے اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا جس مرض میں وصال ہوا اس بیماری کے دوران آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اللہ تعالیٰ نے یہودیوں پر لعنت فرمائی۔ کیوں کہ انہوں نے اپنے انبیائے کرام علیہم السلام کی قبروں کو سجدہ گاہ بنا لیا۔ ‘‘حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ اور اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتے ہیں : ’’ بیماری کے دنوں میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنا چہرہ مبارک چادر میں چھپا لیتے تھے اور جب دل گھبراتا تھا تو چادر ہٹا دیتے تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم یہی فرماتے تھے : ’’ یہودیوں اور عیسائیوں پر اللہ کی لعنت ہو۔ جنہوں نے اپنے انبیائے کرام علیہم السلام کی قبروں کو سجدہ گاہ بنا لیا۔‘‘ اور ان کی اس حرکت سے بچنے کی تلقین فرماتے۔

حضرت ابو بکرصدیق رضی اللہ عنہ کی اقتداء

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو نماز پڑھانے کا حکم دیا اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں : ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیماری کے دوران لوگوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے نماز کی اجازت مانگی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ ابو بکر سے کہو کہ وہ نماز پڑھائیں۔‘‘ میں نے کہا: ’’ وہ رقیق القلب ہیں ۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی جگہ امامت کے لئے کھڑے ہو ں گے تو ان سے کھڑا نہ ہوا جائے گا۔‘‘ دوبارہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے وہی فرمایا تو میں نے بھی وہی کہا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’تم تو یوسف والیاں ہو۔ ابو بکر سے کہو نماز پڑھائیں۔‘‘ اس کے بعد خود آپ صلی اللہ علیہ وسلم نماز کے لئے آہستہ آہستہ اور لڑکھڑاتے ہوئے مسجد میں آگئے اور حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے قریب پہنچے۔ وہ پیچھے ہٹنے لگے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اشارے سے ان کو اپنی جگہ کھڑے رہنے کا حکم دیااور خود آپ صلی اللہ علیہ وسلم ان کے پہلو میں بیٹھ گئے اور نماز پڑھی۔ اس طرح حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی اقتداء کی اور لوگوں نے نماز میں حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی اقتداء کی۔

سترہ نمازوں کی امامت

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی بیماری کی شدت بڑھتی جا رہی تھی اور حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ لوگوں کو نماز پڑھارہے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی موجودگی میں حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے کتنی نمازیں پڑھائیں اکثر علمائے کرام کا اس بات پر اتفاق ہے کہ سترہ نمازیں پڑھائیں ہیں۔ حضرت عکرمہ سے روایت ہے کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے ہمیں تین دن نماز پڑھائی۔ امام و اقدی کہتے ہیں کہ میں نے ابو سبرہ سے پوچھا کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے کتنی نمازیں پڑھائیں تو انہوں نے ایک صحابی رضی اللہ عنہ کے حوالے سے بیان کیا کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے سترہ نمازیں پڑھائی ہیں۔ اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں : ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا وصال کا وقت قریب آیا تو میں نے دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس پانی سے بھرا ہوا ایک پیالہ رکھا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنا ہاتھ اس میں ڈبوتے اور چہرۂ مبارک کا مسح فرماتے تھے اور یہ فرماتے تھے: ’’ اے اللہ تعالیٰ !موت کی تکلیف میں مدد فرما۔‘‘

تحریر لکھوانے کا ارادہ

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے مرض کے دوران تحریر لکھوانے کا ارادہ فرمایا۔حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کا وقت قریب آیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے قریب کافی صحابہ کرام رضی اللہ عنہم جمع تھے اور اس وقت رسو ل اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ میرے نزدیک آجائو۔ میں تمہیں ایک تحریر لکھوا دیتا ہوںتا کہ میرے بعد تم گمراہی سے بچے رہو۔‘‘ کچھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے فرمایا: ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مرض کی شدت کی وجہ سے ایسا فرما رہے ہیں۔ ہمارے پاس قرآن پاک موجو د ہے اور اللہ کی کتاب ہمارے لئے کافی ہے اور کچھ صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے فرمایا کہ ہم تحریر لکھوا لیں تا کہ آگے آسانی ہو۔ اس طرح آپس میں بحث ہونے لگی اور لوگوں کی آوازیں بلند ہو گئیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا : ’’ کھڑے ہو جائو۔‘‘ ( اور چلے جائو) حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ اس طرح آپسی بحث تحریر لکھوانے کے درمیان حائل ہو گئی۔ امام بخاری اپنی صحیح میں ایک اور حدیث پیش کرتے ہیں۔ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ’’ ہائے جمعرات !اور جمعرات کا روز کیا ہے؟ اُ س روز رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیماری شدت اختیار کر گئی تھی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ لکھنے کی چیزیں لائو تا کہ میں تمہیں ایسی تحریر لکھوا دوں کہ میرے بعد گمراہ نہیں ہو گے۔ اس پر لوگ بحث کرنے لگے۔ حالانکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بارگاہ میں بحث کرنا مناسب نہیں تھا۔ بعض حضرات کہنے لگے۔ شاید آپ صلی اللہ علیہ وسلم بیماری کی وجہ سے ایسا فرما رہے ہوں۔ پس لوگوں نے دوبارہ آکر دریافت کیا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ اس بات کو جانے دو۔ میں جس حالت میں ہوں وہ اُس حالت سے بہتر ہے جس کی طرف تم بلا رہے ہو اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے انہیں تین باتوں کی وصیت فرمائی۔ پہلی یہ کہ مشرکیں کو جزیرہ ٔ عرب سے نکال دینا۔ دوسری یہ کہ سفیروں کے ساتھ اچھا سلوک کرنا اور تیسری وصیت سے وہ خاموش ہو گئے یا پھر میں بھو ل گیا ہوں۔ بعض کہتے ہیں کہ تیسری بات یہ تھی کہ قرآن پاک پر عمل کرنایا لشکر اُسامہ کو روانہ کرنا یا میرے بعد میری قبر کو سجدہ گاہ نہ بنانا یا یہ کہ نماز پابندی سے ادا کرنا اور غلاموں کا خیال رکھنا۔

باقی ان شاءاللہ اگلی قسط میں.......!


ہفتہ، 1 جولائی، 2023

39 سیرت سید الانبیاء ﷺ Seerat un Nabi


39 سیرت سید الانبیاء ﷺ

وصال مبارک۔ قسط نمبر 2

تحریر:شفیق احمد ابن عبد اللطیف آئمی

آخری خطبہ، انصار کا خیال رکھنا، یہود و نصاریٰ نے انبیاء کی قبروں کو سجدہ گاہ بنا لیا تھا، آخری امامت، پیر کے دن صبح، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم مطمئن ہو ئے، آخری وقت مسواک، مدینہ منورہ میں قیامت صغریٰ، اللہ تعالیٰ بے انتہا محبت کرتا ہے، صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر قیامت گزر گئی، حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی ثابت قدمی، حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کا خطبہ، غسل اور تجہیز و تکفین کے بارے میں وصیت، سید الانبیا ء صلی اللہ علیہ وسلم کا غسل، تدفین 

حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی خلافت کی طرف اشارہ

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے تحریر نہیں لکھوائی لیکن اشارہ فرمایا تھا کہ میرے بعد حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ ہی خلیفہ ہوں گے۔ پہلا اشارہ نماز پڑھانے کا حکم دینا تھا۔ اس کے علاوہ صحیحین ( صحیح بخاری اور مسلم بخاری) کی حدیث بالکل واضح اشارہ ہے۔ اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں : ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اُس بیماری کی حالت میں جس میں وصال ہوا یہ فرمایا کہ میرا ارادہ یہ ہوا تھا کہ ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ اور ان کے بیٹے ( حضرت عبدالرحمن بن ابو بکر رضی اللہ عنہ) کو بلانے کے لئے کسی کو بھیج دوں اور اُن کو اپنا جانشین بنا دوں تا کہ کہنے والے کچھ نہ کہہ سکیںاور تمنا کرنے والے تمنا نہ کر سکیں۔ لیکن پھر میں نے ارادہ بد ل دیا۔‘‘ اس کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:’’ وصیت کی کیا ضرورت ہے۔ اللہ تعالیٰ بھی یہ نہیں چاہے گا کہ ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے علاوہ کوئی خلیفہ ہو اور اہل ایمان بھی ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے علاوہ کسی اور کی خلافت قبول نہیں کریں گے۔ ‘‘اور ایک روایت میں یہ الفاظ آئے ہیں: ’’اللہ کی پناہ !کہ لوگ ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی خلافت میں اختلاف کریں۔‘‘ امام بخاری نے کتاب الاحکام میں لکھا با استخلاف اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اشارہ خلافت کی طرف ہے۔

آخری خطبہ

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے وصال سے لگ بھگ تین دنوں پہلے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو آخری خطبہ دیا۔ احادیث کی کتابوں میں اور سیرت کی کتابوں میں بیماری کے دوران آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے کئی خطبے مذکور ہیں۔ لیکن ان میں تسلسل نہیںہے۔ اور کون سا خطبہ کب دیا گیا یہ نہیں بتایا گیا ہے۔ علامہ عماد الدین ابن کثیر نے بڑی عرق ریزی کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا آخری خطبہ تحریر کیا ہے اور تسلسل بھی قائم کرنے کی کوشش کی ہے۔ آپ کی خدمت میں ہم اسے پیش کر رہے ہیں۔ سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کو مرض کی شدت میں کمی محسوس ہوئی اور کچھ آرام محسوس ہوا تو ارشاد فرمایا : ’’ سات مشکیں پانی میرے سر پر ڈالو۔ شاید کچھ سکون محسوس ہو اور میں لوگوں میں وصیت کر سکوں۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر سات مشکیں پانی ڈالا گیا۔ اس طرح غسل سے کچھ سکون محسوس ہوا تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم حضرت عباس رضی اللہ عنہ اور حضرت علی رضی اللہ عنہ کے سہارے مسجد نبوی میں تشریف لائے اور ظہر کی نماز پڑھائی اور یہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا آخری خطبہ تھا۔ یہ صحیح بخاری کی روایت ہے۔ اور صحیح مسلم میں ہے کہ یہ خطبہ وصال سے پانچ رات پہلے دیا تھا۔ یعنی چار دن پہلے۔ علامہ ابن حجر عسقلانی فتح الباری میں لکھتے ہیں کہ اس حساب سے یہ خطبہ جمعرات کے روز ارشاد فرمایا۔

انصار کا خیال رکھنا

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم ظہر کی نماز کے بعد منبر پر تشریف فرما ہوئے۔ تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہمہ تن گوش تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کی حمد و ثنا فرمائی اس کے بعد اصحابِ اُحد کا ذکر فرمایا اور ان کے لئے دعا ئے مغفرت فرمائی۔ پھر فرمایا : ’’مہاجرین بڑھیں گے اور انصار وہیں رہیں گے۔‘‘ ( اس کا معنی کچھ علمائے کرام نے مالی حالت کا لیا ہے اور کچھ علمائے کرام نے تعداد کا لیا ہے) اس کے بعد مہاجرین سے مخاطب ہوکر فرمایا: ’’دیکھو !انصار نے مجھے ٹھکانہ دیا ہے اُن میں کا جو محسن اور نیک ہو اس کے ساتھ احسان کرنا اور ان میں جو غلطی کر گزرے تو تم در گزر کرنا۔‘‘

ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے احسانات کاصلہ صرف اللہ تعالیٰ دے سکتا ہے

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے آگے فرمایا: ’’ اے لوگو!اللہ تعالیٰ نے اپنے ایک بندہ کو اختیار دیا کہ وہ دنیا کی نعمتوں کو اختیار کرے یا اللہ تعالیٰ کے پاس جو نعمتیں ہیں یعنی آخرت کو اختیار کرے تو اُس بندہ نے اللہ تعالیٰ کے پاس کی نعمتوں یعنی آخرت کو اختیار کر لیا۔ ‘‘حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ چونکہ سب سے زیادہ علم والے تھے۔ اس لئے سمجھ گئے کہ اس بند ہ سے مراد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ہیں۔ اس لئے آپ رضی اللہ عنہ رونے لگے اور عرض کیا: ’’ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! میرے ماں باپ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر فدا ہوں ۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ ابو بکرصد یق رضی اللہ عنہ! اپنے آپ پر قابو رکھو۔‘‘ اس کے بعد فرمایا: ’’مسجد کی طرف کھلنے والے سب دروازوں کو بند کر دو۔ صرف ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کا دروازہ کھلا رہنے دو۔ جان و مال ، محبت و رفاقت کے اعتبار سے سب سے زیادہ مجھ پر احسان کرنے والے ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ ہیں۔ اُن سے بڑھ کر میر اکوئی محسن نہیں ہے۔ جس جس نے بھی میرے ساتھ کوئی احسان کیا ہے۔ میں نے اس صلہ چکا دیا ہے۔سوائے ابو بکرصدیق رضی اللہ عنہ کے۔اُن کے احسانات کا صلہ صرف اللہ تعالیٰ ہی دے سکتا ہے جو وہ قیامت کے دن دے گا۔ اگر میں کسی کو اپنا خلیل ( دوست) بناتا تو ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو بناتا۔ لیکن اُن سے اسلامی اخوت ہے جس میںوہ سب سے افضل اور برتر ہیں۔‘‘

حضرت اسامہ اور ان کے والد سرداری کے اہل ہیں

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے آگے فرمایا: ’’ لشکر اُسامہ کو جلدی روانہ کر دو اور مجھے معلوم ہے کہ بعض لوگ ( امام بن سعد طبقات ابن سعد میں لکھتے ہیں یہ منافقین تھے) اسامہ رضی اللہ عنہ کی سپہ سالاری ( امارت) اور سرداری پر اعتراض کر رہے ہیںکہ تجربہ کاروں کے ہوتے ہوئے نوجوان کو یہ منصب کیوں دیا گیا؟ آگاہ ہو جائو! ان ہی لوگوں نے اس سے پہلے اس کے والد حضرت زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ کی امارت اور سرداری پر بھی اعتراض کیا تھا۔ اللہ کی قسم! اس کا باپ زید بن حارثہ رضی اللہ عنہ بھی سرداری کا اہل تھا اور بیٹا اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ بھی سرداری کا اہل ہے اور میرے محبوب ترین لوگوں میں سے ہے۔ ‘‘ا

یہود و نصاریٰ نے انبیاء کی قبروں کو سجدہ گاہ بنا لیا تھا

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے آگے یہود و نصاریٰ( بنی اسرائیل اور عیسائیوں ) کے بارے میں فرمایا: ’’ اللہ تعالیٰ کی لعنت ہو یہود و نصاریٰ پر ! انہوں نے اپنے انبیائے کرام علیہم السلام کی قبروں کو سجدہ گاہ بنا لیا تھا۔‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا مقصد اپنی امت کو آگاہ کرنا تھا اور خبر دار کرنا تھا کہ یہود و نصاریٰ کس طرح گمراہ ہو ئے تھے۔ اسی لئے تم اس سے بچنے کی کوشش کرنا۔

ہر ایک کو اللہ تعالیٰ کے پاس لوٹنا ہے

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے آگے فرمایا: ’’ اے لوگو!مجھے یہ خبر ملی ہے کہ تم لوگ اپنے نبی ( صلی اللہ علیہ وسلم ) کے لئے خوف زدہ ہو۔ کیا کوئی نبی علیہ السلام مجھ سے پہلے ہمیشہ اپنی امت میں رہے ہیں جو میں ہمیشہ رہوں گا؟ آگاہ ہو جائو کہ میں اللہ تعالیٰ کی طرف لوٹنے والا ہوں اور آگاہ ہو جائو۔ تم بھی اللہ تعالیٰ کی طرف لوٹنے والے ہو اور ہر ایک کو اللہ کے پاس لوٹنا ہے۔ میں تمام مسلمانوں کو وصیت کرتا ہوں کہ مہاجرین اولین کے ساتھ خیر اور بھلائی کا معاملہ کریںاور مہاجرین اولین کو وصیت کرتا ہوں کہ تقویٰ اور عملِ صالح پر قائم رہیں اور اے مسلمانو!میں تمہیں انصار کے بارے میں وصیت کرتا ہوں کہ ان کے ساتھ خیر اور حسن سلوک کا معاملہ کرنا ۔ انصار نے اسلام کو ٹھکانہ دیا اور مکانوں ، زمینوں ، باغوں اور پھلوں میں تم کو اپنا شریک بنایا اور فقر و فاقہ کے باوجود تم کو اپنے نفسوں ( جانوں ) پر ترجیح دی ۔‘‘اور سب سے آخر میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ آگاہ ہو جائو! میں تم سے پہلے جا رہا ہوں اور تم بھی مجھ سے آکر ملو گے۔ حوضِ کوثر پر ملنے کا وعدہ ہے۔‘‘ اس کے بعد سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم منبر سے اترآئے اور حجرۂ عائشہ میں تشریف لے گئے۔

آخری امامت

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کوشش کے باوجود اس کے بعد نماز پڑھانے نہ آسکے اور حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو حکم دیا کہ نماز پڑھائیں۔ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نماز پڑھاتے رہے۔ درمیان میںحضور صلی اللہ علیہ وسلم سنیچر یا اتوار کو حضرت عباس رضی اللہ عنہ اور حضرت علی رضی اللہ عنہ کے سہارے مسجد میں تشریف لائے ۔حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نماز پڑھا رہے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اُن کے بائیں جانب بیٹھ گئے اور جہاں حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی تلاوت رکی تھی وہیں سے شروع کی اور باقی نماز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے لوگوں کو پڑھائی۔ اب آپ صلی اللہ علیہ وسلم امام تھے اور حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اقتداء کرنے لگے اور باقی نماز ی اُن کی اقتدا ء کرنے لگے۔

حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ کے لئے دعا

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم اس کے بعد مسجد نبوی میں نماز پڑھنے نہیں آسکے اور بستر سے لگ گئے۔ اتوار کے دن طبیعت زیادہ خراب ہو گئی تو حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ جو مقامِ جرف پر لشکر جمع کر رہے تھے ، خبر ملتے ہی تیزی سے آکر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوئے تو دیکھا کہ طبیعت اتنی زیادہ خراب ہو چکی تھی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم بات نہیں کر سکتے تھے۔ حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ نے جھک کر پیشانی مبارک کو بوسہ دیا ۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے دونوں ہاتھ آسمان کی طرف اٹھائے پھر حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ کے سر پر ہاتھ رکھ دیئے۔ آپ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں : ’’میں سمجھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم میرے لئے دعا فرما رہے ہیں۔‘‘ اس کے بعد حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ مقامِ جرف پر واپس آگئے۔

پیر کے دن صبح

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی طبیعت بہت زیادہ خراب تھی اور تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم غمزدہ اور بجھے بجھے تھے۔ مدینہ منورہ میں جیسے سناٹا چھایا ہو اتھا۔ لوگوں نے ہنسنا مسکرانا قہقہے لگانا اور زور سے بولنا چھوڑ دیا تھا۔ ہر کوئی ملاقات کے وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طبیعت کے بارے میں پوچھتا تھا۔ سب لوگ مسجد نبوی میں نماز پڑھنے آتے تھے اور امید بھری نظروں سے حجرہ عائشہ کے دروازے کے پردے کو تکتے رہتے تھے کہ شاید ان کی آنکھوں کی ٹھنڈک اور دلوں کے چین صلی اللہ علیہ وسلم مسکراتے ہوئے باہر آجائیں ۔ پھر نماز کا وقت ہو جاتا اور نماز پڑھنے لگتے اور پھر اگلی نماز سے پہلے امید بھری نظروں سے حجرہ عائشہ کے دروازے کو تکنے لگتے۔ اس طرح تیسرے دن پیر کی صبح ہوئی اور فجر کی نماز سے پہلے سب کی امید بھری نظریں اسی طرف اٹھ رہی تھیں جس طرف سے سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم مسجد میں داخل ہوتے تھے۔ آخر کار فجر کی نماز کا وقت ہو گیا او ر صفیں لگنے لگیں ۔ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے نماز پڑھانی شروع کی کہ اچانک ان کی اورتمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی امیدیں پوری ہو گئیں اور جس روشن اور چمکتے ہوئے چہرہ مبارک کو دیکھنے کے لئے آنکھیں ترس گئیں تھیں نماز کے دوران وہ اچانک سامنے آگیا۔ سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے حجرہ عائشہ کا پردہ ہٹایا اور صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کی نماز کا مشاہدہ فرمانے لگے۔ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : ’’ جب ہم مسلمان حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کے پیچھے پیر کے دن صبح فجر کی نماز ادا کر رہے تھے تو اچانک ہم سب چونک اٹھے ۔ کیوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم حجرہ عائشہ کا پردہ اٹھا کر مسلمانوں کا مشاہدہ فرما رہے تھے۔ جب کہ وہ نماز کی صفوں میں تھے۔ پس آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسکرائے اور تبسم کی حد تک ہنسے۔ اس پر حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ پیچھے ہٹنے لگے تا کہ صف میں جا ملیں ۔ ان کا خیال تھا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم شاید نماز کے لئے آنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور دوسرے مسلمانوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد کی خوشی میں اپنی نماز توڑنے کا ارادہ کر لیا تھا۔ پس رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے دست مبارک سے اشارہ فرمایا کہ اپنی نماز جاری رکھو۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم حجرے میں چلے گئے اور پردہ لٹکا دیا۔‘‘ صحیح بخاری کی ایک اور حدیث میں حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے فرمایا :’’ اس وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا چہرہ مبارک اتنا حسین اور اتنا روشن اور چمک دار دکھائی دے رہا تھا جیسے مصحف شریف کا ورق ہو۔‘‘

صحابہ کرام رضی اللہ عنہم مطمئن ہو ئے

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے دیدار نے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے دلوں کو سکون اور اطمینان دیا اور وہ مطمئن ہو گئے اور خوش ہوئے کہ پچھلے کئی دنوں کے مقابلے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طبیعت آج اچھی محسوس ہو رہی ہے۔ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ فجر کی نماز سے فارغ ہو نے کے بعد سیدھے اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے حجرے میں تشریف لائے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھ کر اپنی بیٹی اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا سے فرمایا: ’’میں دیکھ رہا ہوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو ( پچھلے کئی دنوں کے مقابلے میں ) اب سکون ہے اور جو کرب اور بے چینی دکھائی دیتی تھی وہ نہیں ہے۔ چونکہ یہ دن حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی دو بیویوں میں اس بیوی کی باری کا دن تھا جو مدینہ منورہ سے ایک کوس کے فاصلے پر مقامِ’’ سخ ‘‘میں رہتی تھی۔ اس لئے آپ رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا: ’’ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! میں دیکھ رہا ہوں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اللہ تعالیٰ کی نعمت اور فضل سے اچھی حالت میں صبح کی ہے۔ اور آج میری ایک بیوی حبیبہ بنت خارجہ کی باری کا دن ہے جو سنح میں رہتی ہے۔ اگر اجازت ہو تو وہاں ہو آئوں؟ ‘‘آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ ہا ں چلے جائو۔‘‘ اجازت لے کر حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ باہر آئے تو تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم منتظر تھے۔ آپ رضی اللہ عنہ نے سب کو بتایا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طبیعت فی الحال اچھی ہے اور میں سنح جا رہا ہوں۔ یہ سن کر تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم مطمئن ہو گئے اور اپنے اپنے گھروں کو واپس چلے گئے۔

آخری وقت مسواک

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی طبیعت اچھی لگ رہی تھی یہ دیکھ کر تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم مطمئن ہو کر اپنے اپنے گھر چلے گئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم لیٹے ہوئے تھے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا سرِ مبارک اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی گود میں رکھا ہوا تھا اور آپ رضی اللہ عنہا معوذ تین ( سورہ فلق اور سور ناس) پڑھ پڑھ کر پھونک رہی تھیں کہ اسی درمیان میں اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے بھائی حضرت عبدالرحمن بن ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ اپنے ہاتھوں میں تازی مسواک لے کر آئے۔ اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں : ’’ اللہ تعالیٰ کے مجھ پر انعامات میں سے ایک یہ ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا وصال میرے حجرے ( کمرے یا گھر) میںمیری باری کے دن اور اس حالت میں ہوا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم میرے سینہ سے ٹیک لگائے ہوئے تھے۔ (یوں سمجھ لیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا سرِ مبارک اُم المومنین رضی اللہ عنہا کی گود میں تھا) اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے میرے لعاب ِ دہن کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لعاب ِ دہن سے ملا دیا تھا۔ ہو ا یوں کہ میرے بھائی حضرت عبدالرحمن بن ابو بکر رضی اللہ عنہ میرے پاس آئے ۔ ان کے ہاتھ میں تازی مسواک تھی۔ میں نے دیکھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسواک کو بہت غور سے دیکھ رہے ہیں۔ میں سمجھ گئی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسواک کرنا چاہتے ہیں ۔ میں نے عرض کیا: ’’ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! اسے لے لوں؟ ‘‘آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہاں میں سر ِ مبارک ہلایا۔ پھر میں نے عرض کیا: ’’کیا اسے نرم کر دوں؟ ‘‘آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر ہاں میں سرِ مبارک ہلایا۔ پس میں نے اسے چبا کر نرم کر دیا۔ ( اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیا تو انہوں نے مسواک کی) صحیح بخاری کی یہ حدیث ابھی جاری ہے۔ صحیح بخاری کی ایک اور روایت میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خوب اچھی طرح مسواک کی۔

مدینہ منورہ میں قیامت صغریٰ

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی گود میں سر رکھے لیٹے ہوئے تھے ۔ تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طبیعت اچھی دیکھی تو مطمئن ہو کر اپنے اپنے گھر چلے گئے تھے۔ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ ایک کوس دور سنح میں اپنے گھر گئے ہوئے تھے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خوب اچھی طرح مسواک کی تھی اور لیٹے ہوئے تھے۔ چاشت کا وقت گزر رہا تھا اور زوال کی آمد آمد تھی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طبیعت پھر بہت تیزی سے خراب ہونے لگی۔ اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کی حدیث کو آگے بڑھاتے ہیں۔ آپ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں : ’’( مسواک کرنے کے کچھ دیر بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی طبعیت خراب ہونے لگی اور ) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے پانی کا ایک برتن رکھا ہوا تھا۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اس میں اپنا دستِ مبارک ڈال کرپانی میں بھگوتے تھے اور اپنے چہرہ مبارک پر پھیر لیتے تھے اور فرماتے تھے : ’’ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے اور موت کی تکلیف بہت سخت ہے۔‘‘ اور دستِ مبارک اوپر اٹھا کر فرماتے اللھم الرفیق الاعلیٰ ۔‘‘ ( صحیح بخاری کی ایک اور حدیث میں ہے اُم المومنین فرماتی ہیں) میں معوذ تین پڑھ پڑھ کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے اوپر پھونکنے لگی۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اپنا دست مبارک پانی میں بھگا کر چہرہ مبارک پر پھیرتے جا رہے تھے اور فرماتے جا رہے تھے : ’’ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں ہے اور موت کی تکلیف بہت سخت ہے۔اللھم الرفیق الاعلیٰ ‘‘ اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا دستِ مبارک نیچے گر گیا اور گردن دُھلک گئی اور سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم ، تمام انسانوں کے سردار، تمام انبیاء کے سردار، تمام مخلوقات کے رسول ، اللہ تعالیٰ کے محبوب اپنے خالق اللہ تعالیٰ کی بارگاہِ رحمت میں لوٹ گئے۔ بے شک ہم اللہ کی طرف سے آئے ہیں اور ہمیں اللہ تعالیٰ کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔ بے شک ہم سب اللہ تعالیٰ کی طرف سے آئے ہیں اور ہم سب کو اللہ تعالیٰ کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔ بے شک ہم سب اللہ تعالیٰ کی طرف سے آئے ہیں اور ہم سب کو اللہ تعالیٰ کی طرف لوٹ کر جانا ہے۔ صبح تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے سکون اور اطمینان کا سانس لیا تھا۔ لیکن انہیں نہیں معلوم تھا کہ چند گھنٹوں پر اُن پر قیامت صغریٰ آنے والی ہے او ر قیامت صغریٰ آگئی اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اپنے مالک حقیقی سے جاملے۔

اللہ تعالیٰ بے انتہا محبت کرتا ہے

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم سے اللہ تعالیٰ بے انتہا محبت کرتا ہے ،بے انتہا محبت کرتا ہے، بے انتہا محبت کرتا ہے۔ اتنی محبت کرتا ہے کہ اس کائنات میں کسی نے کسی سے اتنی محبت نہیں کی ہوگی۔ اللہ تعالیٰ نے چاہا کہ وہ اپنی محبت کا اظہار فرما ئے۔ اس کے لئے دنیا تخلیق فرمائی اور اس میں انسان کو بسایا اور اس کے لئے زندگی کی ہر چیز مہیا فرمائی اور ہزاروں برسوں انسانوں کو اپنے نبیوں اور رسولوں اور کتابوں کے ذریعے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کے بارے میں بتاتا رہا اور اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم سے اپنی محبت کا اظہار فرماتا رہا۔ ہزاروں برسوں تک انسانوں کو بتاتا رہا کہ میں اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کو تمہارے پاس بھیجنے والا ہوں اور میں اس سے اتنی اور اتنی اور اتنی محبت کرتا ہوں ۔ اور اس کے ذریعے میں اپنے دین اسلام کو مکمل کروں گا۔ آخر کار ہزاروں برسوں بعد بہترین انسانوں ( صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ) کے درمیان بھیجا اور اللہ کے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم نے انسانوں کو اللہ تعالیٰ کی پہچان کرائی اور تیئس 23برسوں تک اللہ تعالیٰ ( قرآن پاک کے ذریعے) انسانوں کو بتاتا رہا کہ وہ اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم سے کتنی محبت کرتا ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قرآن پاک کے ذریعے اللہ تعالیٰ کی پہچان کراتے رہے۔ آخر کار آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنا کام بہت ہی خوبی سے مکمل کر لیااور اللہ تعالیٰ نے تمام انسانوں کو بتا دیا کہ وہ اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم سے کتنی محبت کرتا ہے تو ترسٹھ63برسوں کی جدائی کے بعد اللہ تعالیٰ نے اپنے محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے پاس بلا لیا۔

صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر قیامت گزر گئی

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کو اللہ تعالیٰ نے اپنی بارگاہ میں بلا لیا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کی جوارِ رحمت میں چلے گئے۔ یہ خبر بجلی کی طرح اچانک پورے مدینہ منورہ میں پھیل گئی۔ مدینہ منورہ میں’’ قیامت صغریٰ‘‘ آگئی۔ جو بھی سنتا تھا ہکا بکا رہ جاتا تھا۔ پھر روتا ہوا حجرہ عائشہ کی طرف بھاگ پڑتا تھا۔ ہر کسی کا رخ مسجد نبوی( مسجد نبوی سے متصل حجرۂ عائشہ تھا جہاں سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم آرام فرما رہے ہیں وہی حجرہ عائشہ تھا) کی طرف تھا۔ کسی کو کچھ ہوش نہیں تھا۔ عام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر تو جو گزر رہی تھی وہ گزر رہی تھی ۔ خود بڑے بڑے جلیل القدر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم پر قیامت گزررہی تھی۔ حضرت عثمان غنی ذی النورین کا یہ حال تھا کہ شدت ِ غم کی وجہ سے سکتہ ہو گیا تھا۔ نہ کسی سے کچھ بات کر رہے تھے اور نہ ہی کسی کو کوئی جواب دے رہے تھے۔ بس دیوار سے ٹیک لگائے بیٹھے ایک ٹک ایک طرف دیکھے جا رہے تھے۔ حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ کا یہ حال تھا کہ زارو قطار روتے جا رہے تھے ۔ روتے روتے بے ہوش ہو جا تے اور جب ہوش آتا پھر رونے لگتے اور روتے روتے پھر بے ہوش ہو جاتے۔ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کی کیفیت بہت ہی خطر ناک تھی۔ آپ رضی اللہ عنہ تلوار کھینچ کر حجرۂ عائشہ کے سامنے کھڑے ہو گئے اور تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم سے یہ فرما رہے تھے ۔ آپ رضی اللہ عنہ بلند آواز سے فرما رہے تھے : ’’ منافقین کا گما ن ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا انتقال ہو گیاہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ہرگز انتقال نہیں ہوا ہے۔ بلکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم تو اللہ تعالیٰ کے پاس گئے ہیں۔ جس طرح حضرت موسیٰ علیہ السلام کوہ طور پر اللہ تعالیٰ کے پاس گئے تھے اور واپس آگئے تھے۔ اللہ کی قسم! آپ صلی اللہ علیہ وسلم بھی ضرور واپس آئیں گے اور منافقوں کا قلع قمع کریں گے۔ خبر دار اگر کسی نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا انتقال ہو گیا ہے تو اس کی گردن اڑا دوں گا۔‘‘ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ بہت غصے میں تھے اور آپ رضی اللہ عنہ کے چہر ہ پر بہت جلال تھا۔ کسی کی ہمت نہیں تھی کہ وہ آپ رضی اللہ عنہ کو کچھ کہے اور اندر حجرۂ عائشہ میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تمام امہات المومنین اور سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا بیٹھی ہوئی بغیر آواز کے رو رہی تھیں۔

حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی ثابت قدمی

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کی خبر سے تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے ہوش و حواس اڑ گئے تھے اور کسی کی سمجھ میں کچھ نہیں آرہا تھا ہر کوئی حیران اور پریشان تھا۔ وصال کی خبر جب حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو ملی تو آپ رضی اللہ عنہ فوراً گھوڑے پر سوار ہو کر مدینہ منورہ تیزی سے پہنچے اور مسجد نبوی کے باہر گھوڑے سے اتر کر تیزی سے حجرہ ٔ عائشہ میں داخل ہوئے۔ سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے بسترِ مبارک کے اطراف امہات المومنین اور سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا بیٹھی ہوئی تھیں۔ سوائے سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا کے سب نے منہ ڈھک لیا اور پردہ کر لیا۔ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے چہرہ مبارک سے چادر ہٹائی اور پیشانی مبارک پر بوسہ لیا۔ آنکھوں میں آنسو آگئے اور فرمایا: ’’ میرے ماں باپ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر فدا ہوں۔ اللہ کی قسم !اللہ تعالیٰ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دو مرتبہ موت کا مزہ نہیں چکھائے گا۔ جو موت آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے لکھی گئی تھی وہ آچکی ہے‘‘ اس کے بعد آپ رضی اللہ عنہ حجرۂ عائشہ سے باہر آئے اور حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ کے کاندھوں کو پکڑ کر جھنجھوڑا اور فرمایا: ’’ عمر ہوش میں آئو! رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا وصال ہو چکا ہے۔‘‘ حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ میں تھوڑا بدلائو ہوا انہوں نے حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو تو کچھ نہیں کہا لیکن تلوار تانے اسی طرح کھڑے رہے اور حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی طرف دیکھتے رہے۔

حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کا خطبہ

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کے بارے میں حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ سے سن کر حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ میں یہ تبدیلی ہوئی کہ آپ رضی اللہ عنہ خاموش ہو گئے۔ لیکن چہرے پر جلال ویسا ہی رہا۔ یہ دیکھ کر حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ منبر کے پاس آئے اور بلند آواز سے اللہ تعالیٰ کی تعریف بیان فرمائی تو سب لوگ آپ رضی اللہ عنہ کی طرف متوجہ ہو گئے۔ اس کے بعد فرمایا: ’’جو شخص اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتا ہے تو وہ جان لے کہ بے شک اللہ تعالیٰ زندہ ہے اور اسے موت نہیں آسکتی اور اگر کوئی شخص محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی عبادت کرتا تھا تو وہ جان لے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو موت آچکی ہے اور اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : (ترجمہ) ’’ اور نہیں ہیں محمد مگر اللہ کے ایک رسول ۔ جن سے پہلے اور بھی رسول گزر چکے ہیں تو اگر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو موت آجائے یا آپ صلی اللہ علیہ وسلم شہید ہو جائیں تو کیا تم دین اسلام سے واپس پھر جائو گے اور جو شخص اسلام سے پھرے گا تو وہ اللہ تعالیٰ کو ذرّہ برابر بھی نقصان نہیں پہنچاپائے گا اور اللہ تعالیٰ جلد ہی شکر کرنے والوں کو انعام دے گا۔‘‘ ( سورہ آل عمران آیت نمبر 144) اور اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے فرمایا ہے۔ بے شک آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو موت آنے والی ہے اور سب لوگ بھی مرنیوالے ہیں۔ سب چیز فنا ہو نے والی ہے۔ صرف اللہ تعالیٰ کی ذات باقی رہے گی۔ ہر جاندار کو موت کا مزہ چکھنا ہے ۔ قیامت کے دن سب کو ان کے اعمال کا پورا پورا اجر دیا جائے گا۔‘‘ اس کے بعد آگے فرمایا : ’’ اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی عمر دراز کی اور ان کو باقی رکھا۔ یہاں تک کہ اللہ کے دین ( اسلام ) کو قائم کر دیا اور اللہ تعالیٰ کے حکم ( قرآن پاک) کو نافذ کر دیا اور اللہ کے حکم کو ظاہر کر دیا اور اللہ تعالیٰ کے لئے جہاد کیا۔ پھر اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے پاس بلا لیا اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم تم کو ایک سیدھے اور صاف راستہ پر چھوڑ کر گئے ہیں۔ اب جو ہلاک اور گمراہ ہو گا وہ حق واضح ہونے کے بعد گمراہ ہو گا۔ پس اللہ تعالیٰ جس کا رب ہے تو وہ جان لے کہ اللہ تعالیٰ زندہ ہے اور اسے کبھی موت نہیں آسکتی اور جو شخص محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی عبادت کرتا تھا تووہ جان لے کہ انہیں موت آ چکی ہے اور اللہ تعالیٰ پر بھروسہ رکھو۔ بے شک اللہ کا دین قائم و دائم رہے گا اور اللہ کا وعدہ پورا ہو کر رہے گا اور اللہ تعالیٰ اس شخص کا مدد گار ہے جواس کے دین کی مدد کرے اور اللہ تعالیٰ اپنے دین کو عزت اور غلبہ دینے والا ہے۔ اللہ کی کتاب ہمارے درمیان موجود ہے اور وہی نورِ ہدایت اور دنوں کی شفا ہے۔ اسی کے ذریعے اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کو راستہ بتلایا اور اس میں اللہ تعالیٰ کی حلال اور حرام کردہ چیزوں کا ذکر ہے۔ اللہ کی قسم !ہمیں اس کی قطعی پرواہ نہیں ہے جو ہم پر لشکر لے کر حملہ کرے۔ بے شک! ابھی بھی تلواریں ہمارے ہاتھوںمیں ہیں اور وہ اللہ کے دشمنوں پر تنی ہوئی ہیں اور اللہ کی قسم !ہم اللہ کے دشمنوں سے اب بھی اسی طرح جہاد کریں گے جس طرح رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کیساتھ مل کر کیا کرتے تھے۔ پس دشمن خوب سمجھ لے اور اپنی جان پر ظلم نہ کرے۔‘‘

صحابہ کرام رضی اللہ عنہم ہوش و حواس میں واپس آئے

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کی خبر صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کے لئے ایک دھماکہ ثابت ہوئی۔ جس سے ان کے اعصاب منتشر ہو گئے تھے اور وہ ہوش و حواس کھو بیٹھے تھے۔ کسی کی کچھ سمجھ میں نہیں آرہا تھا ایسے کٹھن اور صبر آزما لمحات میں صرف حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ ہی واحد ہستی تھی جو ہوش و حواس میں تھے اور ثابت قدم رہے۔ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ’’ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ (حجرہ عائشہ سے ) باہر نکلے تو حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ لوگوں سے کچھ فرما رہے تھے۔ انہوںنے فرمایا: ’’ اے عمر فاروق رضی اللہ عنہ !بیٹھ جائو۔‘‘ لیکن حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے ( بیٹھنے ) سے انکار کر دیا توحضرت ابو بکر صدیق رضی اﷲ عنہ منبر کی طرف گئے اور لوگ انہیں چھوڑ کر حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی طرف بڑھے۔ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ’’ جو تم میں سے محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی عبادت کرتا تھا تو وہ یہ جان لے کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم کو موت آچکی ہے اور جو تم میں سے اللہ تعالیٰ کی عبادت کرتا ہے تو وہ یہ جان لے اللہ تعالیٰ زندہ ہے اور کبھی نہیں مرے گا۔ اللہ تعالیٰ کا فرمان ہے : (ترجمہ)’’ اور محمد صلی اللہ علیہ وسلم تو اللہ کے ایک رسول ہیں۔ اُن سے پہلے بہت سے رسول ہو چکے ہیں تو اگر اُن کو موت آجائے یا شہید ہو جائیں توکیا تم اسلام سے الٹے پھر جائو گے اور جو اسلام سے الٹے پھر جائے گا تو وہ اللہ کا کوئی نقصان نہیں کرے گا اور جلد ہی اللہ تعالیٰ شکر اداکرنے والوں کو ثواب عطا فرمائے گا۔ ‘‘(سورہ آل عمران آیت نمبر144) حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ آگے فرماتے ہیں : ’’ اللہ کی قسم! ایسا لگتا تھا جیسے ہملوگوں کو معلوم ہی نہیں تھا کہ اللہ تعالیٰ نے یہ آیت نازل فرمائی ہے۔ جب حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے یہ آیت تلاوت فرمائی تو آپ رضی اللہ عنہ سے سیکھ کر سب لوگ اس آیت کی تلاوت کرنے لگے اور کوئی شخص ایسا نہ رہا جو اس آیت کی تلاوت نہ کر رہا ہو۔ حضرت سعید بن مسیب رضی اللہ عنہ فرما تے ہیں : ’’حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ’’ اللہ کی قسم !مجھے ایسا لگا جیسے میں نے اس آیت کو پہلے سنا ہی نہیں تھا۔ ( جب کہ اکثر تلاوت کرتے تھے) حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو اس آیت کی تلاوت کرتے سنا تو میں ڈر گیا اور میری دونوں ٹانگیں کانپنے لگیں یہاں تک کہ دھڑام سے زمین پر گر گیا اور مجھے یقین آگیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا وصال ہو چکا ہے۔‘‘

حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی خلافت

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال کے بعد صرف حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ ثابت قدم رہے اور آپ رضی اللہ عنہ نے تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو اتنی خوبی سے سمجھایا کہ تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کو حقیقت کا ادراک ہو گیا اور ہر کوئی آپ رضی اللہ عنہ کا احسان ماننے لگا۔ جب ہر کسی کو یقین ہو گیا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اللہ تعالیٰ کی جوارِ رحمت میں جا چکے ہیں تو تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم یہ مشورہ کرنے لگے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا نائب کسے بنایا جائے۔ کیوں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی یہ سنت تھی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم جب بھی مدینہ منورہ سے باہر تشریف لے جاتے تھے تو کسی نہ کسی کو اپنا نائب ضرور بناکر جاتے تھے۔ کافی غور و خوض کرنے کے بعد تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے متفق ہو کر یہ فیصلہ کیا کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو خلیفہ بنا یا جائے۔ سب کا اس پر اتفاق ہو گیا تو تمام صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے آپ رضی اللہ عنہ کی بیعت کر لی اور حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کو خلیفہ بنا لیا۔ اس بیعت میں حضرت علی رضی اللہ عنہ شامل نہ ہو سکے۔ کیوں کہ وہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو غسل دینے میں مصروف تھے۔ بہر حال کچھ عرصہ بعد حضرت علی رضی اللہ عنہ نے حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ کی بیعت کر لی۔

غسل اور تجہیز و تکفین کے بارے میں وصیت

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم نے وصال سے پہلے ہی غسل اور تجہیز و تکفین کے بارے میں وصیت فرما دی تھی۔ حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ’’ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی بیماری نے شدت اختیار کی تو ہم نے عرض کیا: ’’ یا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ! آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو کون غسل دے گا؟ ‘‘آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ میرے اہل بیت کے قریب ترین مرد مجھے غسل دیں گے۔ ان کے ساتھ بہت زیادہ تعداد میں وہ فرشتے ہوں گے جو تم کو دیکھتے ہوں گے ۔ مگر تم ان کو نہیں دیکھتے ہوں گے۔ وہ بھی غسل دیں گے۔ ‘‘پھر ہم نے دریافت کیا: ’’آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز کیسے ہوگی؟یا کون نماز پڑھائے گا؟‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ جب تم غسل دے کر فارغ ہو جانااور خوشبو لگا کر کفن پہنا دینا اور میرے تخت پر لٹا کر میری قبرکے کنارے رکھ دینا ۔ پھر تم سب کچھ دیر کے لئے باہر چلے جانا ۔کیوں کہ سب سے پہلے جبرئیل علیہ السلام نماز پڑھیں گے ۔ پھر میکائیل علیہ السلام ، پھر اسرافیل علیہ السلام اور پھر ملک الموت فرشتوں کے لشکر کے ساتھ نماز پڑھیں گے۔ اس کے بعد تم سب ٹولیاں بنا کر آنا اور تنہا تنہا نماز پڑھنا۔‘‘ پھر ہم نے دریافت کیا: ’’ کون آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو قبر میں اتارے گا ؟ ‘‘ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’میرے اہل بیت اتاریں گے اور ان کے ساتھ فرشتے ہوں گے۔ ‘‘

سید الانبیا ء صلی اللہ علیہ وسلم کا غسل

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے غسل کی تیاری اہلِ بیت حضرات کر رہے تھے ۔ اس سلسلے میں وہ آپس میں مشورہ کر نے لگے کہ سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کو کس طرح غسل دیا جائے۔ اُم المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا فرماتی ہیں: ’’ جب صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو غسل دینے کا ارادہ کیا تو کہنے لگے : ’’ اللہ کی قسم !ہم نہیں جانتے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے کپڑے اتار کر غسل دیں یا نہیں کپڑوں میں غسل دیں جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم پہنے ہوئے ہیں۔ اس سلسلے میں کوئی فیصلہ نہیں ہو پا رہا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے سب پر غنودگی طاری کر دی اور ہر شخص اپنی تھوڑی کو اپنے سینے پر ڈالے ہوئے تھا۔ اس کے بعد حجرے کے کونے سے کسی نے کہا اور کوئی نہیں جانتا تھا کہ وہ کون ہے؟ اس نے کہا: ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو انہی کپڑوں میں غسل دو جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے جسم مبارک پر موجود ہیں۔‘‘ حضرت بریدہ رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : ’’صحابہ کرام رضی اللہ عنہم جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو غسل دینے لگے تو منادی نے ان کے اندر سے پکارا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کپڑوں کے ساتھ غسل دو۔ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں : ’’ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو حضرت علی رضی اللہ عنہ نے غسل دیا۔‘‘ اور فرمایا: ’’میرے ماں باپ آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر قربان ! آپ صلی اللہ علیہ وسلم وصال سے پہلے بھی پاکیزہ تھے اور وصال کے بعد بھی پاکیزہ رہے۔‘‘ حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ غسل دے رہے تھے اور حضرت عباس بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہ اور ان کے دونوں بیٹے حضرت فضل بن عباس اور حضرت قثم بن عباس رضی اللہ عنہم کروٹیں بدلتے تھے اور حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ ( لشکر لے کر واپس آگئے تھے) اور حضرت شقران رضی اللہ عنہ پانی ڈال رہے تھے۔

قبر ِ مبارک کی کھدائی

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کو غسل دینے کے بعد تین کپڑوں کا کفن پہنایا گیا۔ جس میں قمیص اور عمامہ نہیں تھا۔ دفن کرنے کے بارے میں سوال پیدا ہوا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو کہاں دفن کیا جائے۔ مختلف صحابہ کرام رضی اللہ عنہم مختلف رائے دینے لگے۔ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ’’میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا ہے ۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ انبیائے کرام علیہم السلام کو وہیں دفن کیا جاتا ہے جہاں اُن کی روح قبض ہوتی ہے۔‘‘ اس لئے جس جگہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا بستر تھا اسی جگہ قبر کھودنا طئے ہوا۔ پھر یہ سوال اٹھا کہ قبر کیسی کھودی جائے۔ مہاجرین صحابہ رضی اللہ عنہم نے مکہ مکرمہ کے دستور کے مطابق’’ بغلی قبر‘‘ کا مشورہ دیا اور انصار صحابہ کرام رضی اللہ عنہم نے مدینہ منورہ کے دستور کے مطابق ’’لحد‘‘ کھودنے کا مشورہ دیا۔ حضرت ابو عبیدہ رضی اللہ عنہ بغلی قبر کھودتے تھے اور حضرت ابو طلحہ انصاری رضی اللہ عنہ لحد کھودتے تھے۔ یہ طے ہوا کہ دونوں کو بلایا جائے جو پہلے آئے گا وہ قبر کھودے گا۔ حضرت ابو طلحہ رضی اللہ عنہ پہلے آگئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے لئے لحد والی قبر کھودی گئی۔ بعد میں مٹی ڈالنے کے بعد کوہان کی شکل دی گئی۔

نمازِ جنازہ بغیر امام کے

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے حکم کے مطابق آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو قبر کے کنارے رکھ دیا گیا۔ لوگوں نے خلیفہ اول حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ سے نماز جنازہ کے بارے میں دریافت کیا تو آپ رضی اللہ عنہ نے فرمایا: ’’ لوگوں کا ایک ایک گروہ جائے اور تکبیر کہے پھر درود پڑھے اور دعا پڑھ کر باہر آجائے۔ پھر دوسرا گروہ جائے۔‘‘ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ’’ کفن دینے کے بعد آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو قبر کے کنارے رکھ دیا گیا۔ ایک ایک گروہ حجرۂ عائشہ میں آتا تھا اور تنہا تنہا نماز پڑھ کر باہر واپس چلا جاتا تھا۔ کوئی امامت نہیں کرتا تھا اور الگ الگ بغیر امام کے نماز پڑھ کر واپس آجاتے تھے۔ ‘‘حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں: ’’رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا وصال ہوا تو مردوں کو پہلے حکم دیا گیا اور انہوں نے بغیر امام کے ٹولیاں بنا کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز جنازہ پڑھی۔ ا سکے بعد عورتوں اور بچوں نے نماز پڑھی اور نماز پڑھنے کے لئے کوئی امام نہیں تھا۔

رسول اللہ ﷺ پر درودا ور سلام

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز جنازہ بغیر امام کے پڑھی گئی۔ قاضی عیاض مالکی اندلسی اپنی کتاب الشفا میں لکھتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز جنازہ پڑھی گئی ہے اور یہی اکثر علمائے کرام کا مسلک ہے اور امام شافعی نے بھی اپنی کتاب ’’ الام ‘‘میں لکھا ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز جنازہ پرھی گئی ہے۔ لیکن کچھ علمائے کرام کی رائے یہ ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز جنازہ نہیں پڑھی گئی ہے اور لوگ گروہ در گروہ حجرۂ عائشہ میں داخل ہوتے تھے اور درو د اورسلام اور دعا پڑھ کر واپس آجاتے تھے۔ حضرت علی المرتضیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو تخت پر لٹا دیا گیا تو کہا گیا کہ کوئی شخص آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی امامت نماز میں نہ کرے۔ کیوں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہی وصال سے پہلے بھی اور وصال کے بعد بھی تم سب کے امام ہیں۔ اسی لئے لوگ جماعت در جماعت بن کر داخل ہو تے تھے اور صف در صف ہو کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر درود اور سلام پڑھتے تھے اور ان کا تکبیر کہنے والا کوئی امام نہیں ہوتا تھا۔ امام محمد بن سعد آگے لکھتے ہیں کہ حضرت ابو بکر صدیق رضی اللہ عنہ اور حضرت عمر فاروق رضی اللہ عنہ ایک جماعت کے ساتھ حجرہ ٔ عائشہ میں داخل ہوئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے کھڑے ہو کر یہ پڑھا: ‘‘سلام ہو آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! اور اللہ کی رحمتیں اور برکتیں ہوں آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر ۔ اے اللہ تعالیٰ ہم گواہی دیتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے وہ سب کچھ پورا پورا ہم تک پہنچا دیا جو آپ صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل فرمایا گیا تھا اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیشہ اُمت کی خیر خواہی کی ہے اور اللہ کی راہ میں جہاد کیا ہے۔ یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے دین کو غالب کر دیا اور اسلام کا بول بالا ہوا۔ اے اللہ تعالیٰ! ہم کو اُن لوگوں میں سے بنا جنہوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وحی کا اتباع کیا اور ہم کو آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ ( میدان محشر اور جنت میں ) جمع کر۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہم کو پہچانیں اور ہم آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو پہچانیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مسلمانوں پر بڑے مہربان ہیں۔ اس درود اور سلام اور دعا پر سب آمین آمین کہتے تھے۔

تدفین

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کی نماز جنازہ اور درود اور سلام پڑھ کر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو قبر مبارک میں اتارا گیا۔ حضرت علی رضی اللہ عنہ ، حضرت عباس بن عبدالمطلب رضی اللہ عنہ ، ان کے دونوں بیٹے حضرت فضل بن عباس اور حضرت قثم بن عباس رضی اللہ عنہم نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو قبرمیں اتارا اور ام المومنین سیدہ عائشہ صدیقہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: ’’ حجرہ میں سے پھاوڑے سے مٹی سرکانے کی آواز سے ہم نے اندازہ لگا یا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دفن کیا جا رہا ہے۔ ‘‘حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ ( لگ بھگ دس سال کی عمر سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے خادم بنے اور لگ بھگ گیارہ سال تک ساتھ رہے اور خدمت کرتے رہے ) فرماتے ہیں: ’’ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے مرض نے شدت اختیار کی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم بے ہوش ہو گئے اور جب ہوش میں آئے تو سیدہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہا نے فرمایا: ’’ہائے میرے ابا جان کی تکلیف !آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ’’ تمہارے اباجان کو آج کے بعد تکلیف نہیں ہوگی۔‘‘ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا وصال ہو گیا تو سیدہ فاطمہ الزہرا رضی اللہ عنہا نے فرمایا: ’’ اے ابا جان! رب ِ کریم اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی دعا قبول فرمائی۔ ابا جان! آپ صلی اللہ علیہ وسلم تو جنت الفردوس میں قیام پذیر ہیں۔ ابا جان !میں اس غم کی خبر جبرئیل علیہ السلام کو سناتی ہوں۔‘‘ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو دفن کیا جا چکا تو سیدہ فاطمہ رضی اللہ عنہا نے مجھ سے ( حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے ) فرمایا: ’’ تمہارے دلوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم پر مٹی ڈالنا کیسے برداشت کیا۔ ‘‘

اللہ تعالیٰ اور اس کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا ہم پر احسان

سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم کے وصال تک کے حالات مکمل ہوئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا ذکر تو اتنا وسیع ہے کہ ہم لاکھوں صفحات بھر کر بھی ذکر کریں تو مکمل نہیں ہوگا۔ بلکہ ادھورا پن محسوس ہوگا۔ اس لئے وصال تک کے حالات کا ذکر کر کے ہم یہیں پر ختم کر تے ہیں۔ یہ اللہ تعالیٰ کا ہم پر بہت بڑا احسان ہے کہ اس نے ہمیں اپنے محبوب خاتم النبیّن صلی اللہ علیہ وسلم کی امت میں پیدا فرمایا اور ایمان کی دولت سے نوازا اور’’ امت ِ وسط ‘‘میں پیدا فرما یا اوراللہ تعالیٰ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کا بھی ہم پر بہت بڑا احسان ہے کہ انہوں نے ہم تک اسلام کو پہنچانے کے لئے بہت سی تکلیفیں اٹھائیں اس کے باوجود اپنی جدو جہد اور کوشش جاری رکھی۔ یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے اپنے دین کو نافذ کر دیا۔ اپنے آخری وقت تک سید الانبیاء صلی اللہ علیہ وسلم اسی کوشش اور فکر میں رہے کہ دنیا کے تمام انسان دوزخ سے بچ جائیں اور جنت میں چلے جائیں۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے لئے اللہ تعالیٰ کی بارگاہ میں رو رو کر استغفار کرتے تھے۔ یہاں تک کہ اللہ تعالیٰ نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو تسلی دی اور فرمایاکہ کچھ رات عبادت کریں اور کچھ رات آرام بھی کریں۔ اب ہم اُمتیوں کا فرض ہے کہ ہم اپنے پیارے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی آنکھوں کی ٹھنڈک بنیں اور اپنی پوری زندگی اللہ تعالیٰ کے حکم اور رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کے مطابق گزاریں۔ ہم اپنے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی ہر کام میں اتباع ( پیروی ، نقل) کریں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ایک ایک عمل کو سمجھیں اور اس پر عمل کرنے کی بھر پور کوشش کریں اور اللہ تعالیٰ ہمیں اس کوشش میں کامیاب کرے۔ اے اللہ تعالیٰ ! تُوسب کا مالک اور حاکم ہے۔ ہماری پیشانیوں کے بال پکڑ کر ہمیں برائی سے روک دے اور نیکی کے راستے پر چلا ۔ بے شک تو ہر چیز پر قدرت رکھتا ہے۔ آمین

سید الانبیاء صلی اﷲ علیہ وسلم کا ذکر

سید الانبیاء صلی اﷲ علیہ وسلم کے وصال تک کے حالات مکمل ہوئے ،لیکن آپ صلی اﷲ علیہ وسلم کا ذکر مکمل نہیں ہوا ہے ۔سید الانبیاء صلی اﷲ علیہ وسلم کا ذکر شروع سے ہو رہا ہے اور ہمیشہ ہوتا رہے گا ۔اِس دنیا میں انسان کے آنے کے ساتھ ہی اﷲ تعالیٰ اور اﷲ کے رسول صلی اﷲ علیہ وسلم کا ذکر بھی آیا ۔انسان اﷲ تعالیٰ کا ذکر کرتا رہا اور اﷲ تعالیٰ اپنے ’’آخری رسول‘‘ صلی اﷲ علیہ وسلم کا ذکر تمام انبیائے کرام علیہم السلام کے سامنے کرتا رہا ۔اُن پر نازل ہوئی کتابوں میں سید الانبیاء صلی اﷲ علیہ وسلم کے اوصاف بیان فرماتا رہااور انہیں حکم دیتا رہا کہ اپنی اپنی اُمتوں کے سامنے سید الانبیاء صلی اﷲ علیہ وسلم کا ذکر کرتے رہیں اور اوصاف بیان کرتے رہیں۔ہر نبی علیہ السلام نے اپنی اپنی اُمت کے سامنے ’’خاتم النبین ‘‘صلی اﷲ علیہ وسلم کا ذکر کیا اور آپ صلی اﷲ علیہ وسلم کے اوصاف اتنے زیادہ بیان فرمائے کہ اُن کی اُمتیں ’’وہ آخری نبی ‘‘ صلی اﷲ علیہ وسلم کو اپنی اولاد سے زیادہ پہچاننے لگیں ۔یہاں تک کہ ’’ آخری رسول‘‘جو تمام انبیائے کرام علیہم السلام کے ’’سردار‘‘ ہیں وہ اِس دنیا میں تشریف لائے ۔اُن پر اﷲ تعالیٰ نے اپنی ’’سب سے عظیم الشان ‘‘کتاب ’’قرآن پاک ‘‘نازل فرمائی اور اس کتاب میں بھی جگہ جگہ سید الانبیاء صلی اﷲ علیہ وسلم کا ذکر فرمایا۔اِس کے ساتھ ساتھ تمام انبیائے کرام علیہم السلام کا بھی ذکر فرمایا اور اُن کے حالات بھی بیان فرمائے۔ساتھ ہی ساتھ سید الانبیاء صلی اﷲ علیہ وسلم کو وہ خصوصیات عطا فرمائیں جو تمام انبیائے کرام علیہم السلام کو نہیں عطا ہوئیں تھیں۔

D N A Mein Allah ki Nishaniyaan ڈی این اے میں اللہ کی نشانیاں

 D N A Mein Allah ki Nishaniyaan   ڈی این اے میں اللہ کی نشانیاں